آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟
وبا سے پہلے مکمل ہونے والے تعمیراتی منصوبے
یکم نومبر، 2020ء
ہر سال لاکھوں لوگ بپتسمہ لے رہے ہیں اور اِس وجہ سے ہمیں زیادہ سے زیادہ ایسی عمارتوں کی ضرورت ہے جنہیں یہوواہ کی عبادت کے لیے اِستعمال کِیا جا سکے۔ اِس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے دُنیا بھر میں ڈیزائن اور تعمیر کے ہمارے مقامی شعبوں نے یہ منصوبہ بنایا کہ 2020ء کے خدمتی سال کے دوران 2700 سے زیادہ عبادتگاہیں تعمیر کی جائیں یا اُن کی مرمت کی جائے۔ a
افسوس کی بات ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اِن تعمیراتی منصوبوں میں رُکاوٹ پیدا ہو گئی۔ اپنے ہمایمانوں کو محفوظ رکھنے اور حکومت کی طرف سے ملنے والی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے گورننگ باڈی کی اِشاعت کی کمیٹی نے ہماری تنظیم کے زیادہتر تعمیراتی کاموں کو عارضی طور پر روک دیا۔ لیکن وبا سے پہلے 2020ء کے خدمتی سال کے دوران 1700 سے زیادہ عبادتگاہوں کی تعمیرومرمت کا کام مکمل کر لیا گیا۔ اِس کے علاوہ ہماری کچھ برانچوں کے علاقوں میں تعمیر و مرمت کے سو سے زیادہ منصوبوں کو بھی پورا کر لیا گیا۔ ذرا غور کریں کہ اِن دو تعمیراتی منصوبوں سے ہمارے ہمایمانوں کو کیا فائدہ ہوا۔
کیمرون برانچ۔ کیمرون کے شہر دوالا میں ہماری پُرانی برانچ بہت چھوٹی تھی اور اِسے بڑا کرنے کی ضرورت تھی۔گورننگ باڈی کی اِشاعت کی کمیٹی نے اِس برانچ کی مرمت وغیرہ کرنے کے بارے میں سوچا۔ لیکن مرمت کے کام پر آنے والا خرچہ اِن عمارتوں کی اصل قیمت سے بھی کہیں زیادہ تھا۔ اُنہوں نے جگہ خرید کر نئی عمارت تعمیر کرنے یا کسی بنی بنائی عمارت کو خرید کر اُس کی مرمت کرنے کے بارے میں بھی سوچا۔ لیکن حالات کی وجہ سے اِن دونوں منصوبوں پر کام نہیں ہو سکا۔
اِسی دوران بھائیوں کو پتہ چلا کہ شہر دوالا کے شمال میں حکومت ہمارے اِجتماع کے ہال کے ساتھ ایک سڑک بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اِس سڑک کا بہت فائدہ ہونا تھا کیونکہ اِس کے بننے سے اب اِس علاقے میں لوگوں کو بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولتیں مل سکتی تھیں۔ اِس لیے گورننگ باڈی نے یہ منظوری دے دی کہ اِجتماع کے لیے ہال کی پراپرٹی کے ایک حصے پر نئی برانچ تعمیر کی جا سکتی ہے۔
ہمارے ہمایمانوں اور ٹھیکےداروں نے مل کر اِس منصوبے پر کام کِیا جس کی وجہ سے وقت اور پیسے کی بڑی بچت ہوئی۔ اِس منصوبے پر 20 لاکھ امریکی ڈالر[تقریباً 32 کروڑ روپے] سے زیادہ کا خرچہ آیا جو کہ ہماری توقع سے بہت کم تھا۔ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے سے پہلے ہی ہماری برانچ میں کام کرنے والے بہن بھائی یہاں شفٹ ہو چُکے تھے۔
کیمرون برانچ میں کام کرنے والے ہمارے ہمایمانوں کو اِس نئی برانچ کے بننے سے بڑی سہولتیں ملی ہیں۔ وہ اِس برانچ کو یہوواہ کی طرف سے ایک تحفہ خیال کرتے ہیں۔ ایک جوڑے نے کہا: ”ہم یہاں پوری لگن سے کام کرنا چاہتے ہیں اور یہ ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ ہم اِس تحفے کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ “
میکسیکو میں توخالبل زبان کے ترجمے کا دفتر۔کئی سال سے توخالبل زبان میں ترجمہ کرنے والی ٹیم وسطی امریکہ کی برانچ میں کام کر رہی تھی جو کہ شہر میکسیکو کے قریب ہے۔ لیکن توخالبل زبان الٹامیرانو اور لاس مگاریٹاس کے علاقوں میں بولی جاتی ہے۔ یہ علاقے شہر میکسیکو سے تقریباً 1000 کلومیٹر (620 میل) کی دُوری پر ہیں۔ چونکہ وقت کے ساتھ ساتھ زبان میں بہت سی تبدیلیاں آتی ہیں اِس لیے ترجمہ نگاروں کو توخالبل زبان میں ہونے والی تبدیلیوں سے واقف رہنا مشکل لگتا تھا۔ ہماری برانچ کو بھی قریب کے علاقوں میں ایسے بہن بھائی نہیں مل رہے تھے جو توخالبل زبان میں ترجمے کے کام اور آڈیو ریکارڈنگز میں مدد کر سکیں۔
اِن باتوں کی وجہ سے گورننگ باڈی کی مضموننویسی کی کمیٹی یہ چاہتی تھی کہ توخالبل زبان میں ترجمہ کرنے والی ٹیم کسی ایسے علاقے میں شفٹ ہو جائے جہاں یہ زبان بولی جاتی ہے۔ اِس منصوبے کو پورا کرنے کے لیے ہماری برانچ نے یہ فیصلہ کِیا کہ وہ ایسے ہی علاقے میں کوئی عمارت خریدے گی اور اُس کی مرمت وغیرہ کرے گی۔ ایسا کرنے سے پیسوں کی کافی بچت ہوئی کیونکہ اگر ہماری برانچ دفتر کو تعمیر کرتی یا اِسے کرائے پر لیتی تو یہ اُنہیں کافی مہنگا پڑتا۔
ترجمہ کرنے والے ایک بھائی نے بتایا کہ اُسے اُس علاقے میں شفٹ ہونے کا کیا فائدہ ہوا جہاں توخالبل زبان بولی جاتی تھی۔ اُس نے کہا:”مَیں نے وسطی امریکہ کی ہماری برانچ میں دس سال تک توخالبل زبان میں ترجمے کا کام کِیا۔ اِس دوران مجھے قریب کے علاقوں میں کوئی ایک شخص بھی ایسا نہیں ملا جو یہ زبان بولتا ہو۔ لیکن اب ہمارا ترجمے کا دفتر ایک ایسے علاقے میں ہے جہاں سب سے زیادہ توخالبل زبان بولی جاتی ہے۔ اِس لیے ہر روز میرا واسطہ یہ زبان بولنے والے لوگوں سے پڑتا ہے۔ مجھے اِس زبان کے نئے نئے الفاظ سیکھنے کا موقع ملا ہے اور اِس سے میرے کام میں بہتری بھی آئی ہے۔“
2021ء کے خدمتی سال کے لیے تعمیراتی منصوبے
اگر حالات نے اِجازت دی تو 2021ءکے خدمتی سال میں 75 ترجمے کے دفتروں اور ایسی عمارتوں کو تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جہاں ہماری تنظیم کے سکول منعقد کیے جائیں گے۔ ہماری آٹھ بڑی برانچوں میں تعمیر کا کام جاری رہے گا۔ اِس میں نیو یارک، ریماپو میں ہمارے مرکزی دفتر کا نیا تعمیراتی منصوبہ اور ارجنٹائن اور اِٹلی میں ہماری برانچوں کو نئی جگہ شفٹ کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اِس کے علاوہ 1000 سے زیادہ نئی عبادتگاہوں کی ضرورت ہے، یہوواہ کی عبادت کے لیے اِستعمال ہونے والی جگہیں ایسی ہیں جن کی حالت اِتنی اچھی نہیں اور 4000 عبادتگاہیں ایسی ہیں جہاں مرمت کا کام کرنے کی ضرورت ہے۔
تعمیر و مرمت کے اِن تمام منصوبوں کو پورا کرنے کے لیے پیسے کہاں سے آتے ہیں؟ وسطی امریکہ کی برانچ کمیٹی میں کام کرنے والے بھائی لازرو گونزالزِ نے توخالبل زبان کے ترجمے کے دفتر کے بارے میں بات کرتے ہوئے اِس سوال کا یہ جواب دیا: ”ہماری برانچ کے علاقے میں وسائل کافی محدود ہیں۔ اِس لیے دُنیا بھر سے ہمارے بہن بھائیوں کے عطیات کی مدد سے ہی ہم قبائلی زبانوں کے ترجمے کے دفتروں کو تعمیر کر پائے۔ ہمارے ہمایمانوں کے عطیات کی وجہ سے ہی یہ ممکن ہوا کہ ترجمہ نگار اُن علاقوں کے قریب رہ سکیں جہاں اُن کی زبانیں بولی جاتی ہیں۔ ہم اُن عطیات کی دل سے قدر کرتے ہیں جو پوری دُنیا سے ہمارے ہمایمان بڑی فیاضی سے دیتے ہیں۔“ اِس میں کوئی شک نہیں کہ یہ سارے تعمیراتی منصوبے عالمگیر عطیات کی مدد سے ہی پورے کیے جاتے ہیں۔ اِن میں سے زیادہتر عطیات donate.pr418.com کے ذریعے دیے جاتے ہیں۔
a ڈیزائن اور تعمیر کا مقامی شعبہ ایک برانچ کے علاقے میں عبادتگاہوں کی تعمیرومرمت کے کام کی دیکھبھال کرتا ہے۔ لیکن ڈیزائن اور تعمیر کا عالمگیر شعبہ دُنیا بھر میں ہماری تنظیم کے تعمیراتی منصوبوں کی دیکھبھال کرتا ہے۔