آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟
2021ء میں اِمدادی کارروائیاں—ہم نے اپنے ہمایمانوں کو اکیلا نہیں چھوڑا
1 جنوری 2022ء
سن 2021ء کے خدمتی سال میں بھی کورونا کی وبا نے دُنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا تھا۔ a جیسا کہ مضمون ”عالمی وبا کے دوران پوری دُنیا میں اِمدادی کارروائیاں“ میں بتایا گیا تھا، کورونا کی وبا کے دوران ہم نے اِمدادی کاموں میں لاکھوں ڈالر لگائے b اور 950 سے زیادہ اِمدادی کمیٹیاں بنائیں۔
کورونا کی وبا کے ساتھ ساتھ دُنیا بھر میں ہمارے بہن بھائی دوسری مصیبتوں اور قدرتی آفتوں کا سامنا بھی کر رہے تھے۔ اِسی لیے گورننگ باڈی کی منتظمین کی کمیٹی نے اِس بات کی منظوری دے دی کہ کورونا کے علاوہ 200 سے زیادہ آفتوں میں اِمداد کے لیے 80 لاکھ امریکی ڈالر [تقریباً 1 ارب 42 کروڑ 21 لاکھ روپے] لگائے جا سکتے ہیں۔ آئیں، دیکھیں کہ حال ہی میں جو دو آفتیں آئیں، اُن میں بہن بھائیوں کی مدد کرنے کے لیے آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے گئے۔
نیراگونگو پہاڑ کا پھٹنا
22 مئی 2021ء میں کانگو، عوامی جمہوریہ میں نیراگونگو آتشفشاں پہاڑ پھٹ گیا۔ اِس سے نکلنے والے لاوے نے گھروں، سکولوں اور ندیوں کو تباہ کر دیا۔ لیکن لوگوں کو صرف لاوے سے ہی نقصان نہیں پہنچا بلکہ آتشفشاں کے پھٹنے کے بعد کئی دنوں تک شہر گوما میں اِس کا زہریلا دُھواں پھیلا رہا۔ اِس کے علاوہ شہر میں زلزلے کے بہت سے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔ اِس سب کی وجہ سے آدھے سے زیادہ لوگوں کو شہر خالی کرنے کو کہا گیا۔ سینکڑوں لوگوں کو شہر سے بھاگنا پڑا اور کچھ ملک روانڈا چلے گئے۔
شہر سے بھاگنے والے لوگوں میں سے تقریباً 5000 یہوواہ کے گواہ تھے۔ کچھ بہن بھائیوں کے گھر لاوے سے تباہ ہو گئے تھے اور کچھ کے گھر اُن کے شہر چھوڑنے کے بعد لُوٹ لیے گئے تھے۔ روانڈا اور کانگو، عوامی جمہوریہ میں یہوواہ کے گواہوں کی اِمدادی کمیٹیوں نے بہن بھائیوں کی مدد کرنا شروع کر دی۔ ایک اِمدادی کمیٹی کے بارے میں کانگو (کنشاسا) برانچ نے کہا: ”شہر میں کافی افراتفری پھیل چُکی تھی۔ ابھی حکومت نے لوگوں کو شہر خالی کرنے کا حکم بھی نہیں دیا تھا کہ اُس اِمدادی کمیٹی نے بہن بھائیوں کو کھانے پینے کی چیزیں، بستر اور کپڑے دینے شروع کر دیے۔“ ایک شہر میں ہمارے 2000 سے زیادہ بہن بھائی پناہ کے لیے جمع تھے۔ وہاں ایک اِمدادی کمیٹی نے اُن کے لیے خیمے لگائے، اُنہیں ماسک دیے اور بتایا کہ وہ کورونا اور ہیضے سے خود کو کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
اِس آفت کے تین مہینے کے اندر اندر اِمدادی کمیٹیوں نے ہمارے بہن بھائیوں میں تقریباً 5400 کلو چاول، اِتنے ہی کلو مکئی کا آٹا، تقریباً 3500 لیٹر پکانے کا تیل اور تقریباً 3000 لیٹر پینے کا پانی تقسیم کِیا۔ عطیات کو سمجھداری سے اِستعمال کرنے کے لیے برانچ نے کھانے پینے کی چیزوں کو باہر کے ملکوں سے مہنگے داموں میں خریدنے کی بجائے مقامی طور پر بڑی مقدار میں خرید لیا۔
ایک بہن جس کا نیا گھر لاوے کی وجہ سے تباہ ہو گیا، اُس نے کہا: ”ہمیں اپنے گھر کے تباہ ہونے کا بہت دُکھ ہوا۔“ لیکن جب بھائیوں نے اُس بہن اور اُس کے گھرانے کی مالی مدد کی اور پاک کلام سے اُن کا حوصلہ بڑھایا تو اُس بہن نے کہا: ”یہوواہ نے ہمیں ابھی بھی وہ چیزیں دی ہوئی ہیں جن کی ہمیں ضرورت ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ یہوواہ کیسے ہمیں مشکلوں میں سنبھالتا ہے اور اِنہیں برداشت کرنے کی طاقت دیتا ہے۔“
وینزویلا میں مالی تنگی
کئی سالوں سے ملک وینزویلا میں مالی حالات بہت خراب چل رہے ہیں۔ وہاں ہمارے بہن بھائی بہت مشکل زندگی جی رہے ہیں۔ وہاں کھانے پینے کی چیزوں کی کمی ہوتی جا رہی ہے اور جُرم بھی بہت بڑھتا جا رہا ہے۔ لیکن یہوواہ کی تنظیم نے ہمارے اِن بہن بھائیوں کو نہیں چھوڑا۔
پچھلے خدمتی سال کے دوران ضرورتمند بہن بھائیوں کے لیے کھانے پینے اور ضرورت کی دوسری چیزیں جیسے کہ صابن وغیرہ خریدنے اور اِنہیں اُن بہن بھائیوں تک پہنچانے میں 15 لاکھ ڈالر [تقریباً 26 کروڑ 65 لاکھ] سے زیادہ پیسے لگائے گئے۔ وینزویلا برانچ نے بتایا: ”ہر مہینے ملک کے کونے کونے میں ضرورتمند بہن بھائیوں کے لیے 130 ٹن کھانا بھیجنا اور یہ دیکھنا کہ یہ اُن تک پہنچے بھی، آسان نہیں تھا۔“ اِس بات کا خیال رکھنے کے لیے کہ کھانے پینے کی چیزیں خراب نہ ہو جائیں، بھائی اکثر ایسی چیزیں بھیجتے ہیں جو زیادہ دیر تک محفوظ رہ سکیں۔ برانچ نے یہ بھی بتایا: ”ہم چیزوں کو بڑی مقدار میں اور اُس وقت خریدتے ہیں جب اِن کا موسم چل رہا ہوتا ہے اور جب اِن کی قیمتیں کم ہوئی ہوتی ہیں۔ پھر ہم اِنہیں ضرورتمند بہن بھائیوں تک اِس طریقے سے بھیجتے ہیں جس میں زیادہ پیسے نہ لگیں۔“
وینزویلا میں اِمدادی کمیٹی کے ایک رُکن جن کا نام لیونل ہے، اُنہیں اِس کام کے ذریعے بہن بھائیوں کی مدد کرنا بہت اچھا لگتا ہے۔ اُنہوں نے کہا: ”میری بیوی کورونا کی وجہ سے فوت ہو گئیں۔ لیکن اِمدادی کام کرنے سے مجھے بہت حوصلہ ملا۔ مَیں اِس کام میں مصروف رہتا ہوں اور مجھے یہ سوچ کر بڑی خوشی ہوتی ہے کہ مَیں اپنے ضرورتمند بہن بھائیوں کے کام آ رہا ہوں۔ مَیں نے خود یہوواہ کے اِس وعدے کو پورا ہوتے دیکھا ہے کہ وہ اپنے بندوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑتا۔“
ایک ایسے بھائی کی بھی مدد کی گئی جو پہلے خود بھی اِمدادی کمیٹی میں کام کِیا کرتا تھا۔ اُس نے کہا: ”اب مجھے خود مدد کی ضرورت تھی۔ بھائیوں نے ہمیں صرف کھانے پینے کی چیزیں یا پیسے وغیرہ ہی نہیں دیے بلکہ اُنہوں نے میری اور میری بیوی کی مدد کی تاکہ ہم مشکل وقت میں پُرسکون رہ سکیں۔ اُنہوں نے ہمارا بہت خیال رکھا، ہمیں تسلی دی اور ہمارا حوصلہ بڑھایا۔“
کچھ آفتیں اچانک آ جاتی ہیں جبکہ کچھ کے آنے کی خبر تھوڑی دیر پہلے ہی ملتی ہے۔ لیکن یہوواہ کی تنظیم آفت سے متاثر بہن بھائیوں تک ضرورت کی چیزیں پہنچانے کا فوراً اِنتظام کرتی ہے۔ یہ سب کچھ آپ کے عطیات کی وجہ سے ممکن ہوتا ہے جنہیں آپ donate.pr418.com پر بتائے گئے طریقوں کے مطابق دیتے ہیں۔ ہم آپ کے اِن عطیات کے لیے دل سے شکرگزار ہیں۔