مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

Rui Almeida Fotografia/Moment via Getty Images

چوکس رہیں!‏

سیاسی تبدیلیاں لانے کے لیے تشدد—‏پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟‏

سیاسی تبدیلیاں لانے کے لیے تشدد—‏پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟‏

 بہت سی جگہوں پر سیاسی تبدیلیاں لانے کے لیے لوگ تشدد کر رہے ہیں جس کی وجہ سے دُنیا بھر میں لوگ پریشان ہیں۔‏

  •   میکسیکو میں 2023ء-‏2024ء کے الیکشن کے دوران 39 سیاسی اُمیدواروں کو قتل کر دیا گیا۔ آج تک کسی بھی الیکشن کے دوران اِتنے زیادہ سیاسی اُمیدواروں کو قتل نہیں کِیا گیا۔ اِس کے علاوہ سیاسی تبدیلیاں لانے کے لیے اَور بھی بہت زیادہ تشدد کِیا گیا ہے۔ اِس وجہ سے میکسیکو میں 2023ء-‏2024ء کے الیکشن پر بہت بُرا اثر پڑا ہے۔‏

  •   حال ہی میں یورپ میں سیاسی تبدیلیاں لانے کے لیے تشدد کے بہت سے واقعات ہوئے ہیں جن میں 15 مئی 2024ء کو سلواکیہ کے وزیرِاعظم پر قاتلانہ حملہ بھی شامل ہے۔‏

  •   13 جولائی 2024ء کو امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے نے پورے امریکہ کو ہلا کر رکھ دیا۔‏

 لیکن سیاسی تبدیلیاں لانے کے لیے اِتنا زیادہ تشدد کیوں ہو رہا ہے؟ کیا یہ تشدد کبھی ختم ہوگا؟ پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟‏

اِس بات کی پیش‌گوئی کی گئی تھی کہ لوگ سیاسی طور پر بٹے ہوں گے

 پاک کلام میں ہمارے زمانے کو ’‏آخری زمانہ‘‏ کہا گیا ہے اور اِس میں پہلے سے بتا دیا گیا تھا کہ اِس زمانے میں لوگوں میں ایسی خصلتیں ہوں گی جن کی وجہ سے تشدد اور نااِتفاقیوں کو بڑھاوا ملے گا۔‏

  •   ”‏لیکن یہ جان لیں کہ آخری زمانے میں مشکل وقت آئے گا کیونکہ لوگ .‏.‏.‏ ناشکر، بے‌وفا، .‏.‏.‏ ضدی، .‏.‏.‏ وحشی، .‏.‏.‏ دھوکے‌باز، ہٹ‌دھرم اور گھمنڈی ہوں گے۔“‏—‏2-‏تیمُتھیُس 3:‏1-‏4‏۔‏

 خدا کے کلام میں یہ پیش‌گوئی بھی کی گئی تھی کہ ہمارے زمانے میں ہنگامے وغیرہ عام ہوں گے جیسے کہ لوگوں کا حکومت کے خلاف بغاوت کر دینا یا پھر سیاسی طور پر حالات کا بگڑ جانا۔ (‏لُوقا 21:‏9‏، فٹ‌نوٹ)‏ لیکن یہ چیزیں ہمیشہ تک نہیں رہیں گی۔‏

سیاسی تشدد کا خاتمہ

 پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ خدا تمام اِنسانی حکومتوں کو ختم کر کے اِن کی جگہ اپنی آسمانی حکومت قائم کرے گا۔‏

  •   ”‏آسمان کا خدا ایک سلطنت برپا کرے گا جو .‏.‏.‏ اِن تمام [‏دوسری]‏ مملکتوں کو ٹکڑےٹکڑے اور نیست کرے گی اور وہی ابد تک قائم رہے گی۔“‏—‏دانی‌ایل 2:‏44‏۔‏

 خدا کی بادشاہت لوگوں کو حقیقی طور پر متحد کرے گی اور پوری دُنیا میں امن قائم کرے گی۔‏

  •   اِس بادشاہت کے بادشاہ یسوع مسیح ہیں جنہیں ”‏امن کا شہزادہ“‏ کہا گیا ہے۔ اُن کی حکومت میں ”‏امن کی کوئی حد نہیں ہوگی۔“‏—‏یسعیاہ 9:‏6، 7‏، ترجمہ نئی دُنیا۔‏

  •   آج بھی اِس بادشاہت کی رعایا امن سے رہنا سیکھ رہی ہے۔ اِس کے نتیجے میں پاک کلام میں لکھی یہ بات پوری ہو رہی ہے:‏ ”‏وہ اپنی تلواروں کو توڑ کر پھالیں اور اپنے بھالوں کو ہنسوے بنا ڈالیں گے اور قوم قوم پر تلوار نہ چلائے گی اور وہ پھر کبھی جنگ کرنا نہ سیکھیں گے۔“‏—‏یسعیاہ 2:‏3، 4‏۔‏

 اِس بارے میں اَور جاننے کے لیے مضمون ”‏خدا کی بادشاہت کیا کچھ انجام دے گی؟‏‏“‏ کو پڑھیں اور ویڈیو ‏”‏خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏‏“‏ کو دیکھیں۔‏