چوکس رہیں!
پوری دُنیا میں گرمی کی شدت میں اِضافہ—پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟
جولائی 2022ء میں خبروں سے پتہ چلا کہ پوری دُنیا میں گرمی کی شدت نے پُرانے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں:
”چین نے اپنی عوام کو خبردار کِیا ہے کہ اِس مہینے دوسری بار تقریباً 70 شہروں میں اِتنی شدید گرمی پڑے گی جتنی پہلے کبھی نہیں پڑی۔“—25 جولائی 2022ء، سی این این وائر سروس۔
”یورپ میں شدید گرمی کی وجہ سے بہت سے یورپی ملکوں کے جنگلات میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی ہے۔“—17 جولائی 2022ء، دی گارڈین۔
”امریکہ میں گرمی کی لہر مشرقی ساحل، جنوب اور مغرب کے وسطی علاقوں کی طرف پھیل رہی ہے اور اِتوار کو بہت سے شہروں میں گرمی کی شدت نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔“—24 جولائی 2022ء، دی نیو یارک ٹائمز۔
کیا پوری دُنیا میں بڑھتی ہوئی گرمی کی وجہ سے زمین پر رہنا ناممکن ہو جائے گا؟ پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟
کیا گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت پاک کلام کی پیشگوئی پوری ہونے کی نشانی ہے؟
جی ہاں۔ خدا کے کلام میں ہمارے زمانے کے بارے میں جو پیشگوئیاں کی گئی تھیں، اُن پر غور کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ پوری دُنیا میں گرمی کی شدت میں اِضافہ اِن پیشگوئیوں کا حصہ ہے۔ مثال کے طور پر یسوع مسیح نے پیشگوئی کی تھی کہ ہم ”ہولناک منظر“ یا ”دہشتناک باتیں“ ہوتی دیکھیں گے۔ (لُوقا 21:11؛ اُردو ریوائزڈ ورشن) پوری دُنیا میں گرمی کی شدت میں اِضافے نے بہت سے لوگوں کے دل میں یہ خوف ڈال دیا ہے کہ اِنسان زمین کو تباہ کر دیں گے۔
کیا زمین اِنسانوں کے رہنے کے قابل نہیں رہے گی؟
ایسا نہیں ہوگا۔ خدا نے زمین کو اِس لیے بنایا تھا تاکہ اِنسان اِس پر ہمیشہ تک رہ سکیں۔ (زبور 115:16؛ واعظ 1:4) خدا اِنسانوں کو اِس بات کی اِجازت نہیں دے گا کہ وہ زمین کو تباہ کر دیں۔ اِس کی بجائے وہ اپنے وعدے کے مطابق ”زمین کے تباہ کرنے والوں کو تباہ“ کر دے گا۔—مکاشفہ 11:18۔
آئیے، دو ایسی پیشگوئیوں پر غور کرتے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ خدا نے زمین کے حوالے سے اَور کیا وعدے کیے ہیں:
”بیابان اور ویرانہ شادمان ہوں گے اور دشت [یعنی صحرا] خوشی کرے گا اور نرگس کی مانند شگفتہ ہوگا۔“ (یسعیاہ 35:1) خدا زمین کی ایسی حالت نہیں ہونے دے گا کہ اِنسان اِس پر نہ رہ سکیں۔
”تُو زمین پر توجہ کر کے اُسے سیراب کرتا ہے۔ ... جب تُو زمین کو یوں تیار کر لیتا ہے تو اُن کے لئے اناج مہیا کرتا ہے۔“ (زبور 65:9) خدا زمین کو فردوس بنا دے گا۔
اِس بارے میں اَور جاننے کے لیے کہ زمین تباہ نہیں ہوگی، اِس مضمون کو پڑھیں: ”زمین کو تباہ کِیا جا رہا ہے—پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟“
اِس بارے میں اَور جاننے کے لیے کہ زمین کا مستقبل بہت اچھا ہے، 2021ء کے ”مینارِنگہبانی،“ نمبر 2 کو پڑھیں جس کا موضوع ہے: ”ایک بہتر دُنیا اب دُور نہیں!“