مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب ۲۶

آخرکار زمین پر فردوس!‏

آخرکار زمین پر فردوس!‏

خلاصہ:‏ مسیح کی بادشاہت کے ذریعے یہوواہ خدا یہ ثابت کرے گا کہ اُس کی حکمرانی سب سے اعلیٰ ہے،‏ وہ اپنے نام کو پاک ٹھہرائے گا اور بُرائی کا نام‌ونشان مٹا دے گا۔‏

یوحنا رسول نے بائبل کی آخری کتاب مکاشفہ لکھی۔‏ اِس میں ایک شاندار مستقبل کی اُمید دی جاتی ہے۔‏ یوحنا رسول کو رویوں میں دکھایا گیا کہ مستقبل میں کیا واقع ہوگا اور زمین اور آسمان کے لئے خدا کی مرضی کیسے پوری ہوگی۔‏

پہلی رویا میں یسوع مسیح کئی کلیسیاؤں کو داد دیتا ہے اور اُن کی اصلاح بھی کرتا ہے۔‏ اگلی رویا میں یوحنا رسول آسمان پر خدا کا جلالی تخت دیکھتا ہے جس کے اِردگِرد روحانی ہستیاں خدا کی حمد کر رہی ہیں۔‏

پھر خدا اپنے مقصد کو تکمیل تک پہنچانے کے لئے کارروائی کرتا ہے۔‏ ایک برّہ یعنی یسوع مسیح کو ایک کتاب دی جاتی ہے جسے سات مہریں لگا کر بند کِیا گیا ہے۔‏ پہلی چار مہروں کے کھولنے پر چار گھوڑے اور اُن کے سوار نظر آتے ہیں۔‏ پہلے گھوڑے کا رنگ سفید ہے اور اِس پر بادشاہ یسوع مسیح تاج پہنے سوار ہے۔‏ پھر تین اَور گھوڑے نظر آتے ہیں جن کے فرق‌فرق رنگ ہیں۔‏ اِن گھوڑوں کے سوار دُنیا کے آخری دنوں میں ہونے والی جنگوں،‏ قحط اور وباؤں کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔‏ جب ساتویں مہر کھولی جاتی ہے تو سات نرسنگوں کو پھونکا جاتا ہے۔‏ اِن نرسنگوں کے پھونکنے سے شیطان کی دُنیا کے خلاف خدا کے فیصلوں کا اعلان کِیا جاتا ہے۔‏ اِس کے بعد سات آفتیں آتی ہیں جو خدا کے عذاب کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔‏

یوحنا رسول رویا میں دیکھتا ہے کہ ایک لڑکا پیدا ہوتا ہے۔‏ اِس کا مطلب ہے کہ خدا کی بادشاہت آسمان پر قائم ہو جاتی ہے۔‏ پھر آسمان پر جنگ ہوتی ہے اور شیطان اور اُس کے بُرے فرشتوں کو آسمان سے نکال کر زمین پر گِرا دیا جاتا ہے۔‏ اِس کے بعد ایک اُونچی آواز یہ کہتے ہوئے سنائی دیتی ہے:‏ ”‏اَے زمین اور سمندر،‏ تُم پر افسوس۔‏“‏ اِبلیس بڑے قہر میں ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اُس کا جلد ہی خاتمہ ہونے والا ہے۔‏—‏مکاشفہ ۱۲:‏۱۲‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

پھر یوحنا رسول ایک برّہ یعنی یسوع مسیح کو دیکھتا ہے جس کے ساتھ ۱ لاکھ ۴۴ ہزار اشخاص ہیں جو انسانوں میں سے چنے گئے ہیں۔‏ یہ اشخاص یسوع مسیح کے ساتھ ”‏بادشاہی کریں گے۔‏“‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ”‏عورت کی نسل“‏ میں یسوع مسیح کے علاوہ ۱ لاکھ ۴۴ ہزار اشخاص شامل ہیں۔‏—‏مکاشفہ ۱۴:‏۱؛‏ ۲۰:‏۶‏۔‏

اِس کے بعد یوحنا رسول دیکھتا ہے کہ دُنیا کے حکمران ”‏قادرِمطلق خدا کے روزِعظیم کی لڑائی“‏ کے لئے جمع ہوتے ہیں۔‏ اِس لڑائی کو ہرمجدون کا نام دیا گیا ہے۔‏ یسوع مسیح سفید گھوڑے پر سوار ہے اور اُس کے ساتھ آسمانی لشکر ہیں۔‏ دُنیا کے حکمران اُن کے ساتھ لڑائی کرتے ہیں۔‏ یوحنا رسول رویا میں آگے دیکھتا ہے کہ یسوع مسیح تمام حکمرانوں کو ہلاک کر دیتا ہے اور شیطان کو باندھ کر قید کر دیتا ہے۔‏ اِس کے بعد یسوع مسیح اور ۱ لاکھ ۴۴ ہزار شخص ”‏ہزار برس تک“‏ حکمرانی کرتے ہیں۔‏ اِس ہزار سالہ حکمرانی کے آخر میں شیطان کو ہلاک کر دیا جاتا ہے۔‏—‏مکاشفہ ۱۶:‏۱۴؛‏ ۲۰:‏۴‏۔‏

یسوع مسیح اور اُس کے ساتھیوں کی ہزارسالہ حکمرانی زمین پر اُن لوگوں کے لئے کیا لائے گی جو خدا کے وفادار ہیں؟‏ یوحنا رسول نے لکھا:‏ ”‏[‏یہوواہ خدا]‏ اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔‏ اِس کے بعد نہ موت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا۔‏ نہ آہ‌ونالہ نہ درد۔‏ پہلی چیزیں جاتی رہیں۔‏“‏ (‏مکاشفہ ۲۱:‏۴‏)‏ آخرکار زمین فردوس بن جاتی ہے!‏

مکاشفہ کی کتاب تمام انسانوں کے لئے خدا کے پیغام کو مکمل کرتی ہے۔‏ مسیح کی بادشاہت کے ذریعے یہوواہ خدا کے نام کو پاک ٹھہرایا جائے گا اور اِس بات کو ہمیشہ کے لئے ثابت کر دیا جائے گا کہ خدا کی حکمرانی سب سے اعلیٰ ہے۔‏

​—‏اِن واقعات کا ذکر مکاشفہ کی کتاب میں ہوا ہے۔‏