باب ۲۵
ایمان، پاکیزگی اور محبت کے سلسلے میں ہدایات
خلاصہ: یعقوب، پطرس، یوحنا اور یہوداہ نے اپنے مسیحی بہنبھائیوں کی حوصلہافزائی کے لئے خط لکھے۔
یعقوب اور یہوداہ یسوع مسیح کے بھائی تھے۔ پطرس اور یوحنا، یسوع مسیح کے ۱۲ رسولوں میں سے تھے۔ اِن چار آدمیوں نے خدا کے الہام سے سات خط لکھے جو بائبل کے یونانی صحیفوں میں پائے جاتے ہیں۔ ہر خط کو اُس کے لکھنے والے کا نام دیا گیا ہے۔ یہ خطوط اِس لئے لکھے گئے تاکہ مسیحیوں کو یہوواہ خدا اور اُس کی بادشاہت کے وفادار رہنے میں مدد ملے۔
ایمان ظاہر کریں۔ یہ کہنا کافی نہیں کہ ”مَیں ایمان رکھتا ہوں“ بلکہ ہمیں ایمان کو اعمال سے بھی ظاہر کرنا چاہئے۔ یعقوب نے کہا کہ ”ایمان . . . بغیر اعمال کے مُردہ ہے۔“ (یعقوب ۲:۲۶) جب ہم آزمائشوں کا سامنا کرتے وقت اپنے ایمان پر قائم رہتے ہیں تو ہم میں صبر پیدا ہوتا ہے۔ مشکل صورتحال میں ایک مسیحی کو خدا سے حکمت کی درخواست کرنی چاہئے۔ اُسے پکا ایمان رکھنا چاہئے کہ خدا اُس کی درخواست پوری کرے گا۔ جو شخص آزمائشوں کو صبر سے برداشت کرتا ہے اُسے خدا کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔ (یعقوب ۱:۲-۶، ۱۲) جب خدا کا ایک خادم اُس کا وفادار رہتا ہے تو یہوواہ خدا کا کیا ردِعمل ہوتا ہے؟ یعقوب نے لکھا: ”خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئے گا۔“—یعقوب ۴:۸۔
ایک مسیحی کا ایمان اتنا مضبوط ہونا چاہئے کہ وہ ہر طرح کی آزمائش کا مقابلہ کر سکے۔ یہوداہ کے زمانے میں لوگ بہت بدکار تھے۔ اِس لئے اُس نے اپنے مسیحی بہنبھائیوں کو تاکید کی کہ وہ ”اِیمان کے واسطے جانفشانی“ یعنی جدوجہد کریں۔—یہوداہ ۳۔
اپنا چالچلن پاک رکھیں۔ یہوواہ خدا اپنے خادموں سے یہ توقع رکھتا ہے کہ وہ ہر لحاظ سے پاک رہیں۔ پطرس رسول نے لکھا: ”تُم بھی اپنے سارے چالچلن میں پاک بنو۔ کیونکہ لکھا ہے کہ پاک ہو اِس لئے کہ مَیں [یہوواہ] پاک ہوں۔“ (۱-پطرس ۱:۱۵، ۱۶) اپنے چالچلن کو پاک رکھنے کے سلسلے میں یسوع مسیح نے عمدہ مثال قائم کی۔ پطرس رسول نے لکھا: ”مسیح . . . تمہارے واسطے دُکھ اُٹھا کر تمہیں ایک نمونہ دے گیا ہے تاکہ اُس کے نقشِقدم پر چلو۔“ (۱-پطرس ۲:۲۱) مسیحی اُس وقت بھی اپنا چالچلن نیک رکھتے ہیں جب اُنہیں خدا کے معیاروں کے مطابق زندگی گزارنے کی وجہ سے ستایا جاتا ہے۔ (۱-پطرس ۳:۱۶، ۱۷) پطرس رسول نے مسیحیوں کو خدا کی مرضی کے مطابق زندگی گزار نے کی تاکید کی کیونکہ خدا کی عدالت کا دن نزدیک ہے۔ اِس کے بعد خدا زمین پر ایک نیا دَور لائے گا جس میں ”راستبازی بسی رہے گی۔“—۲-پطرس ۳:۱۱-۱۳۔
”خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئے گا۔“—یعقوب ۴:۸۔
محبت ظاہر کریں۔ یوحنا رسول نے لکھا کہ ”خدا محبت ہے۔“ خدا کی محبت اِس سے ظاہر ہوئی کہ اُس نے یسوع مسیح کو ”ہمارے گُناہوں کے کفارہ کے لئے“ بھیجا۔ ہم خدا کی محبت کے لئے شکرگزاری کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟ یوحنا رسول نے کہا: ”اَے عزیزو! جب خدا نے ہم سے ایسی محبت کی تو ہم پر بھی ایک دوسرے سے محبت رکھنا فرض ہے۔“ (۱-یوحنا ۴:۸-۱۱) اپنے مسیحی بہنبھائیوں کے لئے محبت ظاہر کرنے کا ایک طریقے یہ ہے کہ ہم اُن کی مہماننوازی کریں۔—۳-یوحنا ۵-۸۔
یہوواہ خدا کے خادم اُس کے لئے اپنی محبت کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟ یوحنا رسول نے لکھا: ”خدا کی محبت یہ ہے کہ ہم اُس کے حکموں پر عمل کریں اور اُس کے حکم سخت نہیں۔“ (۱-یوحنا ۵:۳؛ ۲-یوحنا ۶) یہوواہ خدا کا وعدہ ہے کہ جو لوگ اُس کے حکموں پر عمل کریں گے، وہ ”ہمیشہ کی زندگی“ پائیں گے۔—یہوداہ ۲۱۔
—اِن باتوں کا ذکر یعقوب، پہلے اور دوسرے پطرس، پہلے، دوسرے اور تیسرے یوحنا اور یہوداہ نامی خطوط میں ہوا ہے۔