مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب ۱۹

ہمارے زمانے کے لئے یسوع مسیح کی پیشینگوئیاں

ہمارے زمانے کے لئے یسوع مسیح کی پیشینگوئیاں

خلاصہ:‏ یسوع مسیح نے ایسے واقعات کے بارے میں بتایا جن سے ہم جان سکتے ہیں کہ اُس نے بادشاہ کے طور پر حکمرانی کرنا شروع کر دی ہے اور دُنیا کا خاتمہ نزدیک ہے۔‏

ایک موقعے پر یسوع مسیح اپنے چار شاگردوں کے ساتھ زیتون کے پہاڑ پر تھا۔‏ وہ شہر یروشلیم اور ہیکل کا دلکش نظارہ دیکھ رہے تھے۔‏ یسوع مسیح نے اُنہیں ابھی‌ابھی بتایا تھا کہ ہیکل کو تباہ کر دیا جائے گا۔‏ اِس سے کچھ عرصہ پہلے اُس نے اُنہیں ”‏دُنیا کے آخر“‏ ہونے کے بارے میں بتایا تھا۔‏ (‏متی ۱۳:‏۴۰،‏ ۴۹‏)‏ اب شاگرد اِن باتوں کی تفصیل جاننا چاہتے تھے۔‏ اِس لئے اُنہوں نے یسوع مسیح سے پوچھا:‏ ”‏تیرے آنے اور دُنیا کے آخر ہونے کا نشان کیا ہوگا؟‏“‏—‏متی ۲۴:‏۳‏۔‏

اِس سوال کے جواب میں یسوع مسیح نے شاگردوں کو بتایا کہ یروشلیم کے تباہ ہونے سے پہلے اُس شہر کے گِردونواح میں کونسے واقعات دیکھنے میں آئیں گے۔‏ یسوع مسیح کی اِس پیشینگوئی کے مطابق کچھ ایسے ہی واقعات ہمارے زمانے میں بھی دُنیابھر میں دیکھنے میں آئیں گے۔‏ اُس نے کہا کہ دُنیا کے حالات اور دُنیا میں ہونے والے واقعات سے ظاہر ہوگا کہ اُس نے آسمان پر بادشاہ کے طور پر حکمرانی شروع کر دی ہے۔‏ جب یہ واقعات دیکھنے میں آئیں گے تو خدا کے خادم جان جائیں گے کہ دُنیا کا مذہبی،‏ سیاسی اور معاشرتی نظام ختم ہونے والا ہے اور خدا زمین پر ایک نیا نظام قائم کرنے والا ہے۔‏ تب خدا کی بادشاہت بُرے لوگوں کو ہلاک کر کے دُنیا پر امن لائے گی۔‏

یسوع مسیح نے کہا کہ جب وہ آسمان پر اپنی حکمرانی شروع کرے گا تو دُنیابھر میں جنگیں ہوں گی،‏ قحط پڑیں گے،‏ شدید زلزلے آئیں گے،‏ وبائیں پھیلیں گی اور جرم‌وتشدد میں اضافہ ہوگا۔‏ اِس کے علاوہ اُس کے سچے پیروکار خدا کی بادشاہت کی خوشخبری پوری دُنیا میں سنائیں گے۔‏ آخرکار ایک ایسی ”‏بڑی مصیبت“‏ ہوگی جو کبھی پہلے دیکھنے میں نہیں آئی۔‏—‏متی ۲۴:‏۲۱‏۔‏

یسوع مسیح کے پیروکار کیسے جان سکتے ہیں کہ بڑی مصیبت نزدیک ہے؟‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏انجیر کے درخت سے ایک تمثیل سیکھو۔‏“‏ (‏متی ۲۴:‏۳۲‏)‏ جب انجیر کے درخت کی ڈالیوں پر پتے نکل آتے ہیں تو لوگ جان جاتے ہیں کہ گرمی کا موسم نزدیک ہے۔‏ اِسی طرح جب وہ تمام واقعات پیش آتے ہیں جن کا یسوع مسیح نے ذکر کِیا تو ہم جان لیتے ہیں کہ دُنیا کا خاتمہ نزدیک ہے۔‏ البتہ یہوواہ خدا کے سوا کوئی نہیں جانتا کہ بڑی مصیبت کس دن شروع ہوگی۔‏ اِس لئے یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو یوں تاکید کی:‏ ”‏جاگتے اور دُعا کرتے رہو کیونکہ تُم نہیں جانتے کہ وہ وقت کب آئے گا۔‏“‏—‏مرقس ۱۳:‏۳۳‏۔‏

‏—‏اِن باتوں کا ذکر متی ۲۴ اور ۲۵ باب،‏ مرقس ۱۳ باب اور لوقا ۲۱ باب میں ہوا ہے

^ پیراگراف 14 یسوع مسیح کی اِن پیشینگوئیوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے صفحہ ۸۶-‏۹۵ کو دیکھیں۔‏ آپ اِس کتاب کو یہوواہ کے گواہوں سے حاصل کر سکتے ہیں۔‏