مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

گورننگ باڈی کی طرف سے خط

گورننگ باڈی کی طرف سے خط

اُن لوگوں کے نام جو یہوواہ خدا اور اُس کے کلام سے محبت کرتے ہیں:‏

یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏آپ سچائی کو جان جائیں گے اور سچائی آپ کو آزاد کر دے گی۔‏“‏ (‏یوحنا 8:‏32‏)‏ ذرا سوچیں کہ جب آپ کو پہلی بار بائبل کی سچائیوں کے بارے میں پتہ چلا تھا تو آپ کو کیسا لگا تھا۔‏ یقیناً آپ یہ جان کر بہت خوش ہوئے ہوں گے کہ جھوٹ سے بھری اِس دُنیا میں سچائی جاننا ممکن ہے۔‏—‏2-‏تیمُتھیُس 3:‏1‏۔‏

یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم سچائی کو جانیں۔‏ چونکہ ہم لوگوں سے محبت کرتے ہیں اِس لیے ہم اُنہیں بھی سچائی کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں۔‏ لیکن یہوواہ کی خدمت کرنے میں اَور بھی کچھ شامل ہے۔‏ مسیحیوں کے طور پر ہم یہوواہ کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی پوری کوشش کرتے ہیں کیونکہ ہم دل سے اِن کا احترام کرتے ہیں۔‏ یسوع مسیح نے بتایا کہ یہوواہ کے لیے اپنی محبت ظاہر کرنے کا ایک اہم طریقہ کیا ہے۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏اگر آپ میرے حکموں پر عمل کریں گے تو آپ میری محبت میں قائم رہیں گے جیسے مَیں باپ کے حکموں پر عمل کرتا ہوں اور اُس کی محبت میں قائم رہتا ہوں۔‏“‏—‏یوحنا 15:‏10‏۔‏

یسوع مسیح اپنے باپ سے بہت پیار کرتے ہیں اور اُس کی ہر بات مانتے ہیں۔‏ اگر ہم یسوع مسیح کی مثال پر عمل کریں گے تو یہوواہ ہم سے پیار کرے گا اور ہم واقعی خوش رہیں گے۔‏ یسوع مسیح نے بھی یہی کہا:‏ ”‏اگر آپ اِن باتوں کو جانتے ہیں اور اِن پر عمل کرتے ہیں تو آپ کو خوشی ملے گی۔‏“‏—‏یوحنا 13:‏17‏۔‏

ہمیں اُمید ہے کہ اِس کتاب کے ذریعے آپ بائبل کی سچائیوں کے مطابق زندگی گزار پائیں گے اور یہوواہ کے دوست بن پائیں گے۔‏ ہماری دُعا ہے کہ آپ کے دل میں خدا کے لیے محبت بڑھتی رہے اور ”‏آپ خدا کی محبت میں قائم رہ سکیں .‏ .‏ .‏ جس کا انجام ہمیشہ کی زندگی ہے۔‏“‏—‏یہوداہ 21‏۔‏

یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی