کیا آپ یہوواہ خدا کی مرضی پر چلیں گے؟
ہم خوش ہیں کہ آپ نے اِس کتاب کو پڑھنے کے لئے وقت نکالا ہے۔ اِس کے ذریعے آپ یہوواہ کے گواہوں کے پسمنظر، اُن کے کام اور اُن کی تنظیم سے واقف ہو گئے ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ آپ اِس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہوواہ کے گواہ وہ لوگ ہیں جو یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں۔ ہم آپ کی حوصلہافزائی کرتے ہیں کہ خدا کے کلام کا علم حاصل کرتے رہیں، اپنے گھر والوں اور دوستوں کو اُن باتوں کے بارے میں بتاتے رہیں جو آپ سیکھ رہے ہیں اور باقاعدگی سے ہمارے اجلاسوں پر آتے رہیں۔—عبرانیوں 10:23-25۔
آپ یہوواہ خدا کے بارے میں جتنا زیادہ جانیں گے اُتنا زیادہ آپ یہ سمجھ پائیں گے کہ وہ آپ سے بہت محبت کرتا ہے۔ پھر آپ کے دل میں یہ خواہش پیدا ہوگی کہ آپ بھی اُس کے لئے محبت ظاہر کریں۔ (1-یوحنا 4:8-10، 19) لیکن آپ اپنی روزمرہ زندگی میں یہ کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ آپ یہوواہ خدا سے محبت رکھتے ہیں؟ خدا کے حکموں اور اصولوں پر عمل کرنے میں آپ کی بہتری کیوں ہے؟ آپ یہوواہ خدا کی خدمت کرنے کی خواہش کیسے پیدا کر سکتے ہیں؟ جس یہوواہ کے گواہ کے ساتھ آپ بائبل کا مطالعہ کرتے ہیں، وہ اِن سوالوں کے جواب ڈھونڈنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے تاکہ آپ اور آپ کے گھر والے ”خدا کی محبت میں قائم رہ سکیں اور ... ہمیشہ کی زندگی“ کی اُمید رکھ سکیں۔—یہوداہ 21۔
ہم آپ کی حوصلہافزائی کرتے ہیں کہ سچائی کی راہ پر قدم بڑھاتے رہیں۔ اِس مقصد کے لئے اِس کتاب کا مطالعہ کریں: خدا کی محبت میں قائم رہیں