مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب 16

کلیسیا میں خادموں کا کیا کردار ہے؟‏

کلیسیا میں خادموں کا کیا کردار ہے؟‏

میانمار

اجلاس میں تقریر

مُنادی کے لئے اجلاس

عبادت‌گاہ کی صفائی

بائبل میں بتایا گیا ہے کہ نگہبانوں کے ساتھ‌ساتھ خادم بھی کلیسیا میں ذمہ‌داریاں اُٹھاتے ہیں۔‏ (‏فلپیوں 1:‏1‏)‏ عام طور پر ہر کلیسیا میں کئی بزرگ اور خادم ہوتے ہیں۔‏ خادم کلیسیا میں کون‌سے کام کرتے ہیں؟‏

وہ کلیسیا کے بزرگوں کا ہاتھ بٹاتے ہیں۔‏ خادم ایسے بھائی ہیں جو زندگی کے ہر معاملے میں خدا کی رہنمائی پر چلتے ہیں۔‏ چاہے وہ جوان ہوں یا بوڑھے،‏ وہ قابلِ‌بھروسا اور محنتی ہوتے ہیں۔‏ وہ کلیسیا کے اِنتظام کے سلسلے میں کچھ ذمہ‌داریاں اُٹھاتے ہیں تاکہ بزرگ کلیسیا میں تعلیم دینے اور اِس کی گلّہ‌بانی کرنے پر پوری توجہ دے سکیں۔‏

وہ کلیسیا کے اِنتظام کے سلسلے میں اہم خدمات انجام دیتے ہیں۔‏ کئی خادموں کو اجلاسوں پر آنے والے لوگوں کا خیرمقدم کرنے کی ذمہ‌داری دی جاتی ہے۔‏ دوسرے خادموں کو ساؤنڈ سسٹم سنبھالنے،‏ مبشروں کو رسالے اور کتابیں دینے اور کلیسیا کے اخراجات کا حساب‌کتاب رکھنے کی ذمہ‌داری دی جاتی ہے یا پھر وہ اِس بات کا بندوبست کرتے ہیں کہ مبشر کہاں‌کہاں مُنادی کریں گے۔‏ خادم ہماری عبادت‌گاہوں کی صفائی اور مرمت کا کام بھی سنبھالتے ہیں۔‏ کبھی‌کبھی بزرگ اُن سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کلیسیا کے بوڑھے بہن‌بھائیوں کی مدد کریں۔‏ خادموں کو جو بھی ذمہ‌داریاں سونپی جاتی ہیں،‏ وہ اُنہیں خوشی سے پورا کرتے ہیں۔‏ اِس لئے ہمیں اُن کی عزت کرنی چاہئے۔‏—‏1-‏تیمتھیس 3:‏13‏۔‏

وہ کلیسیا کے لئے اچھی مثال قائم کرتے ہیں۔‏ جن آدمیوں کو خادموں کے طور پر مقرر کِیا جاتا ہے،‏ وہ ایسی خوبیوں کے مالک ہوتے ہیں جو خدا کو پسند ہیں۔‏ جب وہ کلیسیا میں تقریریں دیتے ہیں یا اجلاس کے مختلف حصے پیش کرتے ہیں تو ہمارا ایمان مضبوط ہوتا ہے۔‏ مُنادی کے کام میں اُن کی مثال کو دیکھ کر ہمارے دل میں بھی لوگوں کو خوشخبری سنانے کا جذبہ بڑھتا ہے۔‏ اِس کے علاوہ خادم کلیسیا کے بزرگوں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور یوں وہ کلیسیا میں محبت اور اتحاد کو فروغ دیتے ہیں۔‏ (‏افسیوں 4:‏16‏)‏ ایک خادم کی اچھی مثال کی وجہ سے شاید اُسے بعد میں بزرگ کے طور پر مقرر کِیا جائے‏۔‏

  • خادموں میں کون‌سی خوبیاں پائی جاتی ہیں؟‏

  • خادم کلیسیا میں کیا کردار ادا کرتے ہیں؟‏