مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق 10

سچے مذہب کی تلاش کیسے کریں

سچے مذہب کی تلاش کیسے کریں

اگر آپ خدا کے دوست بننا چاہتے ہیں تو آپ کو اُس مذہب پر چلنا چاہئے جسے خدا کی خوشنودی حاصل ہے۔‏ یسوع نے فرمایا کہ ”‏سچے پرستار“‏ خدا کی پرستش ”‏سچائی“‏ سے کرینگے۔‏ (‏یوحنا 4:‏23،‏ 24‏)‏ خدا کی پرستش کرنے کا ایک ہی دُرست طریقہ ہے۔‏ (‏افسیوں 4:‏4-‏6‏)‏ سچا مذہب ہمیشہ کی زندگی کی طرف لے جاتا ہے اور جھوٹا مذہب ہلاکت کی طرف لے جاتا ہے۔‏—‏متی 7:‏13،‏ 14‏۔‏

آپ سچے مذہب کی شناخت اُس پر چلنے والے لوگوں کو دیکھ کر سکتے ہیں۔‏ یہوواہ کی طرح اُسکے سچے پرستاروں کو بھی نیک ہونا چاہئے۔‏ جیسے نارنگی کے اچھے درخت میں اچھی نارنگیاں لگتی ہیں،‏ بالکل اُسی طرح سچا مذہب اچھے لوگ پیدا کرتا ہے۔‏—‏متی 7:‏15-‏20‏۔‏

یہوواہ کے دوست بائبل کا گہرا احترام کرتے ہیں۔‏ وہ جانتے ہیں کہ بائبل خدا کی طرف سے ہے۔‏ وہ بائبل کی باتوں کو اپنی زندگیوں میں راہنمائی کیلئے،‏ اپنے مسائل حل کرنے کے لئے اور خدا کی بابت سیکھنے میں مدد حاصل کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔‏ (‏2-‏تیمتھیس 3:‏16‏)‏ وہ اپنی مُنادی کے مطابق عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‏

یہوواہ کے دوست ایک دوسرے کیلئے محبت دکھاتے ہیں۔‏ یسوع نے لوگوں کو خدا کی بابت تعلیم دینے اور بیماروں کو شفا دینے سے لوگوں کیلئے محبت ظاہر کی تھی۔‏ سچے مذہب پر چلنے والے بھی دوسروں کے لئے محبت دکھاتے ہیں۔‏ یسوع کی طرح،‏ وہ بھی غریبوں یا مختلف نسلی گروہوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو حقیر نہیں جانتے۔‏ یسوع نے فرمایا تھا کہ لوگ اُس کے شاگردوں کو ایک دوسرے کیلئے محبت ظاہر کرنے سے پہچانیں گے۔‏—‏یوحنا 13:‏35‏۔‏

خدا کے دوست،‏ خدا کے نام،‏ یہوواہ کو پاک مانتے ہیں۔‏ اگر ایک شخص آپ کا نام لینے سے انکار کر دیتا ہے تو کیا وہ آپکا قریبی دوست ہو سکتا ہے؟‏ ہرگز نہیں!‏ جب ہماری کسی سے دوستی ہوتی ہے تو ہم دوسروں کے سامنے اُس دوست کے نام کیساتھ ساتھ اُسکی خوبیاں بھی بیان کرتے ہیں۔‏ پس جو خدا کا دوست بننا چاہتے ہیں اُنہیں اُس کا نام استعمال کرنا چاہئے اور دوسروں کیساتھ اُسکی بابت گفتگو کرنی چاہئے۔‏ یہوواہ چاہتا ہے کہ ہم ایسا کریں۔‏—‏متی 6:‏9؛‏ رومیوں 10:‏13،‏ 14‏۔‏

یسوع کی طرح،‏ خدا کے دوست لوگوں کو خدا کی بادشاہت کی بابت تعلیم دیتے ہیں۔‏ خدا کی بادشاہت آسمانی حکومت ہے جو زمین کو فردوس بنا دیگی۔‏ خدا کے دوست دوسروں کو خدا کی بادشاہت کی اس خوشخبری کے بارے میں بتاتے ہیں۔‏—‏متی 24:‏14‏۔‏

یہوواہ کے گواہ خدا کے دوست بننے کی کوشش کرتے ہیں۔‏ وہ بائبل کا احترام کرتے ہیں اور آپس میں محبت رکھتے ہیں۔‏ وہ خدا کے نام کو استعمال کرتے اور پاک مانتے ہیں اور دوسروں کو خدا کی بادشاہت کی بابت تعلیم بھی دیتے ہیں۔‏ آجکل زمین پر یہوواہ کے گواہ سچے مذہب پر چلتے ہیں۔‏