مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب نمبر ۴۵

کیا آپ خدا کی بادشاہت کی طرف ہیں؟‏

کیا آپ خدا کی بادشاہت کی طرف ہیں؟‏

کیا آپ کو وہ دُعا زبانی یاد ہے جو یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو سکھائی تھی؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اگر آپ کو یہ دُعا یاد نہیں ہے تو آئیں،‏ اِسے متی ۶:‏۹-‏۱۳ میں پڑھیں۔‏ اِس دُعا کو کچھ لوگ دُعائےربانی کہتے ہیں۔‏ اِس میں یہ لفظ بھی شامل ہیں:‏ ”‏تیری بادشاہی آئے۔‏“‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

ایک ملک یا علاقے کے حکمران کو بادشاہ کہتے ہیں۔‏ بادشاہ کی حکومت کو بادشاہت یا سلطنت کہتے ہیں۔‏ کئی ملکوں میں ملک کے حکمران کو صدر کہا جاتا ہے۔‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ بائبل میں خدا کی حکومت کے حکمران کو کیا کہا گیا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اُسے بادشاہ کہا گیا ہے۔‏ اِس لئے خدا کی حکومت کو بادشاہت کہا جاتا ہے۔‏

کیا آپ جانتے ہیں کہ یہوواہ خدا نے کس کو اپنی حکومت کا بادشاہ بنایا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اپنے بیٹے یسوع مسیح کو۔‏ آپ کے خیال میں یسوع مسیح سب سے اچھے حکمران کیوں ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کیونکہ وہ کبھی کوئی غلط کام نہیں کرتے اور یہوواہ خدا سے پیار کرتے ہیں۔‏

یسوع مسیح کی پیدائش سے بہت سال پہلے بائبل میں بتایا گیا کہ وہ زمین پر پیدا ہوں گے۔‏ اِس میں یہ بھی لکھا گیا کہ وہ خدا کی بادشاہت کے بادشاہ بنیں گے۔‏ اِس سلسلے میں یسعیاہ ۹:‏۶،‏ ۷ میں لکھا ہے:‏ ”‏ہمارے لیے ایک لڑکا پیدا ہوگا،‏ ہمیں ایک بیٹا بخشا گیا،‏ اور سلطنت اُس کے کندھوں پر ہو گی۔‏ اور وہ سلامتی کا شہزادہ کہلائے گا۔‏ وہ ہمیشہ تک حکومت کرے گا۔‏“‏‏—‏نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

کیا آپ کو پتہ ہے کہ اِس آیت میں خدا کی بادشاہت کے حکمران کو شہزادہ کیوں کہا گیا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ شہزادہ،‏ بادشاہ کا بیٹا ہوتا ہے۔‏ اور یسوع مسیح،‏ یہوواہ خدا کے بیٹے ہیں جو سب سے بڑا بادشاہ ہے۔‏ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کو اپنی بادشاہت کا بادشاہ بنایا ہے۔‏ یہ بادشاہت ہزار سال تک اُن لوگوں پر حکومت کرے گی جو زمین پر رہیں گے۔‏ (‏مکاشفہ ۲۰:‏۶‏)‏ یسوع مسیح نے بپتسمہ لینے کے بعد ”‏مُنادی کرنا اور یہ کہنا شروع کِیا کہ توبہ کرو کیونکہ آسمان کی بادشاہی نزدیک آ گئی ہے۔‏“‏—‏متی ۴:‏۱۷‏۔‏

آپ کے خیال میں یسوع مسیح نے کیوں کہا کہ بادشاہت نزدیک آ گئی ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کیونکہ وہ زمین پر تھے اور اُن کو ایک دن خدا کی بادشاہت کا بادشاہ بننا تھا۔‏ اِس لئے یسوع مسیح نے لوگوں سے کہا:‏ ”‏دیکھو،‏ خدا کی بادشاہی تمہارے درمیان ہے۔‏“‏ (‏لوقا ۱۷:‏۲۱‏)‏ عام طور پر کسی حکمران کے نزدیک جانا یا اُس سے بات کرنا آسان نہیں ہوتا۔‏ لیکن جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو لوگ اُن سے بڑی آسانی سے بات کر سکتے تھے۔‏ یہ تو بڑی اچھی بات ہے،‏ ہے نا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

کیا آپ کو یاد ہے کہ یسوع مسیح کون سا اہم کام کرنے کے لئے زمین پر آئے تھے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏مجھے خدا کی بادشاہت کی خوش‌خبری سنانی ہے کیونکہ مَیں اِسی لئے بھیجا گیا ہوں۔‏“‏ (‏لوقا ۴:‏۴۳‏)‏ یسوع مسیح جانتے تھے کہ وہ یہ کام اکیلے نہیں کر سکتے۔‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ اُنہوں نے کیا کِیا تاکہ دوسرے لوگ بھی اِس کام میں اُن کا ساتھ دے سکیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

یسوع مسیح کون سا اہم کام کرنے کے لئے زمین پر آئے تھے؟‏

جب یسوع مسیح بادشاہت کی مُنادی کرنے جاتے تو وہ کچھ لوگوں کو اپنے ساتھ لے کر جاتے تاکہ وہ بھی مُنادی کرنا سیکھیں۔‏ سب سے پہلے اُنہوں نے اپنے ۱۲ رسولوں کو یہ کام سکھایا۔‏ (‏متی ۱۰:‏۵،‏ ۷‏)‏ کیا یسوع مسیح نے اَور لوگوں کو بھی یہ کام سکھایا؟‏ بائبل میں بتایا گیا کہ اُنہوں نے اَور بھی بہت سے لوگوں کو مُنادی کرنا سکھایا۔‏ ایک موقعے پر اُنہوں نے ۷۰ شاگردوں کو دو دو کرکے مُنادی کرنے بھیجا۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ شاگردوں نے لوگوں کو کون سا پیغام دیا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اُنہوں نے لوگوں کو بتایا کہ ”‏خدا کی بادشاہی تمہارے نزدیک آ پہنچی ہے۔‏“‏ (‏لوقا ۱۰:‏۹‏)‏ اِس طرح لوگوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں سیکھنے کا موقع ملا۔‏

اسرائیل میں یہ رواج تھا کہ جب کوئی آدمی بادشاہ بنتا تو وہ گدھی کے بچے پر سوار ہو کر شہر میں داخل ہوتا۔‏ یوں سب لوگوں کو پتہ چل جاتا کہ یہ ہمارا نیا بادشاہ ہے۔‏ یسوع مسیح جانتے تھے کہ وہ خدا کی بادشاہت کے بادشاہ ہوں گے اِس لئے وہ بھی گدھی کے بچے پر سوار ہو کر یروشلیم میں داخل ہوئے۔‏ آپ کے خیال میں کیا لوگ چاہتے تھے کہ یسوع مسیح اُن کے بادشاہ بنیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

جی،‏ لوگ یہ چاہتے تھے۔‏ اِس لئے جب یسوع مسیح شہر میں داخل ہوئے تو بہت سے لوگوں نے اپنے کپڑے سڑک پر بچھائے اور کچھ لوگوں نے درختوں کی ٹہنیاں توڑ کر سڑک پر بچھائیں۔‏ وہ پکارنے لگے کہ ”‏مبارک ہے وہ بادشاہ جو یہوواہ کے نام سے آتا ہے۔‏“‏ لیکن سب لوگ خوش نہیں تھے۔‏ مثال کے طور پر مذہبی رہنماؤں نے یسوع مسیح سے کہا:‏ ”‏اپنے شاگردوں سے کہو کہ چپ رہیں۔‏“‏—‏لوقا ۱۹:‏۲۸-‏۴۰‏۔‏

یہ لوگ یسوع مسیح کے خلاف کیوں ہو گئے؟‏

اِس واقعے کے پانچ دن بعد یسوع مسیح کو گرفتار کِیا گیا۔‏ سپاہی اُن کو رومی حاکم پُنطیُس پیلاطُس کے محل میں لے گئے۔‏ یسوع مسیح کے دُشمنوں نے اُن پر یہ الزام لگایا کہ ”‏یہ آدمی حکومت کے خلاف ہے اور بادشاہ بننا چاہتا ہے۔‏“‏ پیلاطُس نے یسوع مسیح سے پوچھا:‏ ”‏کیا یہ لوگ سچ کہہ رہے ہیں؟‏“‏ یسوع مسیح نے جواب دیا:‏ ”‏میری بادشاہی اِس دُنیا کی نہیں۔‏“‏ اِس سے پیلاطُس کو پتہ چل گیا کہ یسوع مسیح حکومت کے خلاف نہیں تھے۔‏—‏یوحنا ۱۸:‏۳۶‏۔‏

پیلاطُس نے محل سے باہر جا کر لوگوں سے کہا:‏ ”‏یہ آدمی بےقصور ہے۔‏ مَیں اِسے چھوڑ دوں گا۔‏“‏ لیکن لوگ یہ نہیں چاہتے تھے۔‏ اب اُن کا ارادہ بدل گیا تھا۔‏ وہ نہیں چاہتے تھے کہ یسوع مسیح اُن کے بادشاہ بنیں۔‏ (‏یوحنا ۱۸:‏۳۷-‏۴۰‏)‏ پیلاطُس نے دوبارہ سے جا کر یسوع مسیح سے بات کی۔‏ اُن کو یقین تھا کہ یسوع مسیح بےقصور ہیں۔‏ اِس لئے وہ یسوع مسیح کو محل سے باہر لوگوں کے سامنے لے آئے۔‏ پھر پیلاطُس نے کہا:‏ ‏”‏دیکھو،‏ یہ ہے تمہارا بادشاہ۔‏“‏ لیکن لوگ یسوع مسیح کو دیکھ کر چلّانے لگے:‏ ”‏اِسے مار ڈالیں!‏ اِسے مار ڈالیں!‏“‏

یہ سُن کر پیلاطُس نے کہا:‏ ”‏کیا مَیں تمہارے بادشاہ کو مار ڈالوں؟‏“‏ اِس پر مذہبی رہنماؤں نے کہا:‏ ”‏قیصر کے سوا ہمارا کوئی بادشاہ نہیں۔‏“‏ مذہبی رہنماؤں نے لوگوں کو یسوع مسیح کے خلاف کر دیا تھا۔‏ وہ بہت بُرے تھے،‏ ہے نا؟‏—‏یوحنا ۱۹:‏۱-‏۱۶‏۔‏

آج بھی بہت سے لوگ نہیں چاہتے کہ یسوع مسیح اُن کے بادشاہ ہوں۔‏ شاید یہ لوگ کہیں کہ ”‏ہم خدا پر ایمان رکھتے ہیں۔‏“‏ لیکن وہ یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کا کہنا نہیں ماننا چاہتے۔‏ وہ چاہتے ہیں کہ انسان اُن پر حکومت کریں۔‏

لیکن آپ کیا چاہتے ہیں؟‏ آپ نے خدا کی بادشاہت کے بارے میں سیکھا ہے جس کے ذریعے ہمیں بہت سی برکتیں ملیں گی۔‏ یہ جان کر آپ کیسا محسوس کرتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ خوش ہوتے ہیں اور آپ کے دل میں خدا کے لئے محبت بڑھتی ہے،‏ ہے نا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ یہ کیسے دکھا سکتے ہیں کہ آپ خدا سے محبت رکھتے ہیں اور اُس کی بادشاہت کی طرف ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

یسوع مسیح نے بپتسمہ کیوں لیا؟‏ یہوواہ خدا نے کیسے دکھایا کہ وہ اپنے بیٹے سے خوش تھا؟‏

آپ یسوع مسیح کی مثال پر عمل کر سکتے ہیں۔‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یسوع مسیح نے کیسے دکھایا کہ وہ یہوواہ خدا سے محبت رکھتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏مَیں ہمیشہ وہی کام کرتا ہوں جو خدا کو پسند آتے ہیں۔‏“‏ (‏یوحنا ۸:‏۲۹‏)‏ یسوع مسیح اِس لئے زمین پر آئے تاکہ وہ ”‏خدا کی مرضی پوری کریں“‏ اور ”‏اُس کا کام پورا کریں۔‏“‏ (‏عبرانیوں ۱۰:‏۷؛‏ یوحنا ۴:‏۳۴‏)‏ ہم نے سیکھا ہے کہ یسوع مسیح نے بادشاہت کی مُنادی کی۔‏ لیکن اُنہوں نے اِس کام کے آغاز پر کیا کِیا؟‏ آئیں،‏ دیکھیں۔‏

یسوع،‏ یوحنا کے پاس گئے جو لوگوں کو دریائےیردن میں بپتسمہ دے رہے تھے۔‏ وہ دونوں پانی میں گئے۔‏ پھر یوحنا نے یسوع کو بپتسمہ دیا۔‏ اُنہوں نے یسوع کو پانی میں ڈبویا اور پھر باہر نکالا۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ یوحنا نے یسوع مسیح کو بپتسمہ کیوں دیا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

ہم کن موقعوں پر لوگوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتا سکتے ہیں؟‏

یسوع مسیح نے یوحنا سے کہا تھا کہ ”‏مجھے بپتسمہ دو۔‏“‏ جب یسوع مسیح نے بپتسمہ لیا تو یہوواہ خدا بہت خوش ہوا۔‏ ہم یہ کیسے جانتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کیونکہ جب یسوع مسیح پانی میں سے نکل رہے تھے تو آسمان سے خدا کی آواز آئی:‏ ”‏تُم میرے پیارے بیٹے ہو۔‏ مَیں تُم سے خوش ہوں۔‏“‏ پھر خدا نے اپنی پاک روح کبوتر کی شکل میں یسوع مسیح پر نازل کی۔‏ یسوع مسیح نے بپتسمہ لینے سے ثابت کِیا کہ وہ ہمیشہ تک یہوواہ خدا کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔‏—‏مرقس ۱:‏۹-‏۱۱‏۔‏

ابھی تو آپ چھوٹے ہیں۔‏ لیکن جب آپ بڑے ہو جائیں گے تو آپ کیا کریں گے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کیا آپ یسوع مسیح کی طرح بپتسمہ لیں گے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ بائبل میں لکھا ہے کہ یسوع مسیح ”‏تمہیں ایک نمونہ دے گئے ہیں تاکہ تُم اُن کے نقشِ‌قدم پر چلو۔‏“‏ اِس لئے آپ کو یسوع مسیح کی مثال پر عمل کرنا چاہئے اور بپتسمہ لینا چاہئے۔‏ (‏۱-‏پطرس ۲:‏۲۱‏)‏ اِس سے یہ ظاہر ہوگا کہ آپ واقعی چاہتے ہیں کہ خدا کی بادشاہت زمین پر حکمرانی کرے۔‏ لیکن صرف بپتسمہ لینا کافی نہیں ہے۔‏

ہمیں یسوع مسیح کے حکموں پر بھی عمل کرنا چاہئے۔‏ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ اُن کے شاگرد ”‏دُنیا کے نہیں ہیں۔‏“‏ اِس کا مطلب ہے کہ ہمیں دُنیا کی سوچ نہیں اپنانی چاہئے اور اُس کے بُرے کاموں میں شریک نہیں ہونا چاہئے۔‏ یسوع مسیح اور اُن کے رسول بھی دُنیا کے بُرے کاموں میں شریک نہیں ہوئے تھے۔‏ (‏یوحنا ۱۷:‏۱۴‏)‏ اِس کی بجائے اُنہوں نے کیا کِیا؟‏ کیا آپ جانتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اُنہوں نے لوگوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتایا۔‏ وہ اِس کام کو سب سے اہم سمجھتے تھے۔‏ کیا ہم بھی لوگوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتائیں گے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اگر ہم دُعا کرتے ہیں کہ خدا کی بادشاہت آئے تو ہمیں یہ کام ضرور کرنا چاہئے۔‏

ہم کیسے دکھا سکتے ہیں کہ ہم خدا کی بادشاہت کی طرف ہیں؟‏ اِس سلسلے میں اِن آیتوں کو پڑھیں:‏ متی ۶:‏۲۴-‏۳۳؛‏ متی ۲۴:‏۱۴؛‏ ۱-‏یوحنا ۲:‏۱۵-‏۱۷‏؛‏ اور ۱-‏یوحنا ۵:‏۳‏۔‏