مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب نمبر ۱۱

فرشتے ہماری مدد کرتے ہیں

فرشتے ہماری مدد کرتے ہیں

کچھ لوگ کہتے ہیں:‏ ”‏مَیں تو صرف اُس چیز پر ایمان رکھتا ہوں جسے مَیں دیکھ سکتا ہوں۔‏“‏ لیکن یہ بےوقوفی ہے۔‏ بہت سی ایسی چیزیں موجود ہیں جن کو ہم دیکھ نہیں سکتے۔‏ کیا آپ مجھے کسی ایسی چیز کی مثال دے سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

ذرا اپنے ہاتھ پر پھونک ماریں۔‏ کیا آپ نے کچھ دیکھا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کیا آپ نے کچھ محسوس کِیا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ نے اُس ہوا کو محسوس کِیا جو آپ نے پھونکی تھی۔‏ لیکن آپ اُس ہوا کو دیکھ نہیں سکے،‏ ہے نا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

ہم نے سیکھا ہے کہ ہم روحانی جسم کو نہیں دیکھ سکتے۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ کون روحانی جسم رکھتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یہوواہ خدا،‏ یسوع مسیح اور فرشتے روحانی جسم رکھتے ہیں۔‏ کیا سب فرشتے اچھے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ کچھ فرشتے بُرے بھی ہیں۔‏ ذرا مجھے بتائیں کہ آپ نے اُن کے بارے میں کیا سیکھا ہے۔‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

اچھے اور بُرے فرشتے دونوں ہم سے زیادہ طاقت‌ور ہیں۔‏ عظیم اُستاد یسوع مسیح فرشتوں کے بارے میں بہت کچھ جانتے تھے۔‏ زمین پر آنے سے پہلے وہ بھی ایک فرشتے تھے اور آسمان پر رہتے تھے۔‏ وہ تو کروڑوں فرشتوں کو جانتے تھے۔‏ کیا سب فرشتوں کے نام ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

یاد ہے کہ چوتھے باب میں ہم نے سیکھا تھا کہ خدا نے ہر ستارے کو نام دیا ہے۔‏ اگر اُس نے ستاروں کو نام دیا ہے تو اُس نے ہر فرشتے کو بھی ضرور نام دیا ہوگا۔‏ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ فرشتے ایک دوسرے سے بات کر سکتے ہیں کیونکہ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ”‏فرشتوں کی زبانیں“‏ ہیں۔‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۱۳:‏۱‏)‏ پر سوال یہ ہے کہ فرشتے ایک دوسرے سے کیا باتیں کرتے ہیں؟‏ کیا وہ ہمارے بارے میں باتیں کرتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

بُرے فرشتے چاہتے ہیں کہ ہم خدا کا کہنا نہ مانیں۔‏ اِس لئے وہ ہمارے بارے میں یہ بات کرتے ہوں گے کہ وہ ہمیں کیسے اُکسا سکتے ہیں۔‏ وہ چاہتے ہیں کہ ہم بھی اُن کی طرح بُرے کام کریں تاکہ یہوواہ خدا ہمیں پسند نہ کرے۔‏ آپ کے خیال میں کیا اچھے فرشتے بھی ہمارے بارے میں بات کرتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ وہ بھی ہمارے بارے میں بات کرتے ہیں۔‏ وہ ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں۔‏ خدا کے کچھ فرشتوں نے اُن لوگوں کی مدد کی جو یہوواہ خدا سے پیار کرتے تھے اور اُس کی خدمت کرتے تھے۔‏ آئیں،‏ مَیں آپ کو اِن لوگوں کے بارے میں بتاؤں۔‏

دانی‌ایل خدا کے ایک نبی تھے۔‏ وہ شہر بابل میں رہتے تھے۔‏ اُس شہر کے بہت سے لوگ یہوواہ خدا سے محبت نہیں رکھتے تھے۔‏ اِن لوگوں نے ایک خاص قانون بنایا۔‏ قانون یہ تھا کہ جو کوئی یہوواہ خدا سے دُعا کرے گا،‏ اُسے سخت سزا دی جائے گی۔‏ لیکن دانی‌ایل پھر بھی خدا سے دُعا کرتے رہے۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ لوگوں نے دانی‌ایل کے ساتھ کیا کِیا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

اُنہوں نے دانی‌ایل کو شیروں کی ماند میں ڈلوا دیا۔‏ شیر بہت بھوکے تھے۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ پھر کیا ہوا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ دانی‌ایل نے بتایا کہ ”‏میرے خدا نے اپنے فرشتے کو بھیجا اور شیروں کے مُنہ بند کر دئے۔‏“‏ شیروں نے دانی‌ایل کو کچھ نہیں کِیا۔‏ اِس سے ہم جان جاتے ہیں کہ فرشتے اُن لوگوں کی بڑے شان‌دار طریقے سے مدد کر سکتے ہیں جو یہوواہ خدا کی خدمت کرتے ہیں۔‏—‏دانی‌ایل ۶:‏۱۸-‏۲۲‏۔‏

خدا نے اپنے نبی دانی‌ایل کی مدد کیسے کی؟‏

آپ کو یاد ہے کہ ہم نے پطرس کے بارے میں سیکھا تھا۔‏ وہ یسوع مسیح کے دوست تھے۔‏ پطرس لوگوں کو یہ بتاتے تھے کہ یسوع مسیح خدا کے بیٹے ہیں۔‏ کئی لوگوں کو یہ بات اچھی نہیں لگی۔‏ اِس لئے اُنہوں نے پطرس کو جیل میں قید کروا دیا۔‏ سپاہی،‏ پطرس کی نگرانی کر رہے تھے تاکہ وہ جیل سے بھاگ نہ جائیں۔‏ آپ کے خیال میں پطرس کی مدد کون کر سکتا تھا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

پطرس جیل کی کوٹھڑی میں سو رہے تھے۔‏ وہ زنجیروں سے بندھے ہوئے تھے اور دو سپاہی اُن کے دائیں‌بائیں بیٹھے پہرہ دے رہے تھے۔‏ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏یہوواہ کا ایک فرشتہ کوٹھڑی میں آیا۔‏ کوٹھڑی روشن ہو گئی۔‏ فرشتے نے پطرس کو چُھو کر جگایا اور کہا کہ جلدی سے اُٹھو۔‏“‏

ایک فرشتے نے پطرس کو قید سے کیسے چھڑایا؟‏

پطرس کی زنجیریں کُھل گئیں۔‏ فرشتے نے اُن سے کہا:‏ ”‏جُوتی پہنو اور میرے ساتھ چلو۔‏“‏ سپاہی پطرس کو روک نہیں سکتے تھے کیونکہ فرشتہ اُن کی مدد کر رہا تھا۔‏ فرشتہ اور پطرس لوہے کے ایک پھاٹک تک پہنچے۔‏ پھر ایک بہت حیران‌کُن بات ہوئی۔‏ پھاٹک خودبہ‌خود کُھل گیا!‏ لیکن فرشتے نے پطرس کو قید سے کیوں چھڑایا تھا؟‏ تاکہ پطرس لوگوں کو خدا کا پیغام سنا سکیں۔‏—‏اعمال ۱۲:‏۳-‏۱۱‏۔‏

آپ کے خیال میں کیا خدا کے فرشتے ہماری بھی مدد کر سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ وہ ہماری مدد کر سکتے ہیں۔‏ کیا اِس کا مطلب ہے کہ وہ ہمیں ہر طرح کی مشکل سے بچائیں گے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اگر ہم کوئی بےوقوفی کریں گے تو فرشتے ہماری مدد نہیں کریں گے۔‏ کبھی‌کبھی ہم بےوقوفی نہیں کرتے لیکن پھر بھی ہم مشکل میں پڑ جاتے ہیں۔‏ فرشتوں کو یہ حکم نہیں دیا گیا کہ وہ ہمیں ہر مشکل سے بچائیں۔‏ خدا نے اُن کو ایک خاص کام دیا ہے۔‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ یہ کون سا کام ہے۔‏

بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ایک فرشتہ دُنیا کے سب لوگوں کو خدا کی عبادت کرنے کو کہہ رہا ہے۔‏ (‏مکاشفہ ۱۴:‏۶،‏ ۷‏)‏ کیا یہ فرشتہ آسمان سے اُونچی آواز میں پکار رہا ہے تاکہ لوگ اُس کی بات سنیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ فرشتہ ایسا نہیں کر رہا ہے۔‏ لیکن جب ہم دوسروں کو خدا کے بارے میں سکھاتے ہیں تو فرشتے ہماری مدد کرتے ہیں۔‏ فرشتے جانتے ہیں کہ کون سے لوگ خدا کے بارے میں سیکھنا چاہتے ہیں۔‏ وہ خدا کے خادموں کے ذریعے اِن لوگوں تک خدا کا پیغام پہنچاتے ہیں۔‏ اگر آپ بھی دوسروں کو خدا کا پیغام سنائیں گے تو فرشتے آپ کی مدد کریں گے۔‏

کئی لوگ خدا سے محبت نہیں رکھتے۔‏ وہ ہمیں خدا کا پیغام سنانے سے روکنا چاہتے ہیں۔‏ شاید وہ ہمیں جیل میں ڈال دیں۔‏ آپ کے خیال میں کیا فرشتے ہمیں بھی جیل سے چھڑائیں گے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ وہ ایسا کر تو سکتے ہیں لیکن وہ ہمیشہ ایسا نہیں کرتے۔‏

فرشتے نے پولس کو کیا بتایا؟‏

مثال کے طور پر ایک بار یسوع مسیح کے شاگرد پولس کو گرفتار کر لیا گیا۔‏ لیکن فرشتوں نے اُن کو قید سے نہیں چھڑایا۔‏ پولس قیدی کے طور پر سمندری جہاز پر سفر کر رہے تھے۔‏ ایک دم سے بڑا زبردست طوفان آیا۔‏ ایک فرشتہ پولس کے پاس آیا اور کہنے لگا:‏ ”‏اَے پولس!‏ نہ ڈر۔‏ تُو ضرور قیصر کے سامنے حاضر ہوگا۔‏“‏ قیصر اُس وقت کا سب سے بڑا حکمران تھا۔‏ فرشتوں نے پولس کو قید سے نہیں چھڑایا تھا کیونکہ پولس کو قیصر کے سامنے حاضر ہونا تھا اور اُسے خدا کا پیغام سنانا تھا۔‏ فرشتے جانتے تھے کہ پولس کہاں ہیں اور کس حال میں ہیں۔‏ اور فرشتوں نے اُن کی مدد کی۔‏ اگر ہم خدا کی خدمت کریں گے تو فرشتے ہماری بھی مدد کریں گے۔‏—‏اعمال ۲۷:‏۲۳-‏۲۵‏۔‏

بہت جلد وہ وقت آنے والا ہے جب خدا اپنے فرشتوں کے ذریعے بُرے لوگوں کو ختم کر دے گا۔‏ جو لوگ یہوواہ خدا کی عبادت نہیں کرتے،‏ اُنہیں ہلاک کر دیا جائے گا۔‏ آج‌کل بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ ”‏ہم فرشتوں پر ایمان نہیں رکھتے کیونکہ ہم اُنہیں دیکھ نہیں سکتے۔‏“‏ لیکن جب فرشتے بُرے لوگوں کو ختم کریں گے تو یہ لوگ بھی جان جائیں گے کہ فرشتے موجود ہیں۔‏—‏۲-‏تھسلنیکیوں ۱:‏۶-‏۸‏۔‏

جب خدا بُرے لوگوں کو ختم کرے گا تو ہمارے ساتھ کیا ہوگا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اگر ہم یہوواہ خدا کی خدمت کریں گے تو فرشتے ہماری مدد کریں گے۔‏ آپ کے خیال میں ہم یہوواہ خدا کی خدمت کیسے کر سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہم دوسروں کو خدا کا پیغام سنانے سے اُس کی خدمت کر سکتے ہیں۔‏

یہ دیکھنے کے لئے کہ فرشتے ہماری مدد کیسے کرتے ہیں،‏ اِن آیتوں کو پڑھیں:‏ زبور ۳۴:‏۷ (‏زبور ۳۳:‏۸،‏ کیتھولک ترجمہ‏)‏؛‏ متی ۴:‏۱۱؛‏ متی ۱۸:‏۱۰؛‏ لوقا ۲۲:‏۴۳‏؛‏ اور اعمال ۸:‏۲۶-‏۳۱‏۔‏