کیا یہی خدا کی مرضی ہے؟
کیا یہی خدا کی مرضی ہے؟
چاہے آپ اخبار پڑھیں، ٹیلیویژن دیکھیں یا ریڈیو سنیں ہر طرف جُرم، جنگ اور دہشتگردی کی خبریں سننے میں آتی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ اپنی زندگی میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہوں یا پھر آپ کا کوئی عزیز سخت بیمار ہے یا فوت ہو گیا ہے۔ یہ بھی آپ کے لئے دُکھ کا باعث بن سکتا ہے۔ شاید آپ خدا کے بندے ایوب کی طرح محسوس کر رہے ہیں جس نے کہا تھا: ”مَیں . . . دُکھ کا جام پی کر سیر ہوا ہوں۔“—ایوب ۱۰:۱۵، کیتھولک ترجمہ۔
اپنے آپ سے پوچھیں:
▪ کیا یہ خدا کی مرضی ہے کہ انسان کی زندگی دُکھ اور تکلیف سے بھری ہو؟
▪ مشکلات سے نپٹنے کے لئے مَیں کہاں سے مدد حاصل کر سکتا ہوں؟
▪ کیا زمین پر کبھی امن کا دَور آئے گا؟
ان سب سوالوں کے جواب پاک صحائف میں پائے جاتے ہیں۔
پاک صحائف میں وعدہ کِیا گیا ہے کہ بہت جلد زمین پر ایسی تبدیلیاں آئیں گی۔
”وہ اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔ اِس کے بعد نہ موت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا۔ نہ آہونالہ نہ درد۔“—مکاشفہ ۲۱:۴
”تب لنگڑے ہِرن کی مانند چوکڑیاں بھریں گے۔“ —یسعیاہ ۳۵:۶
”تب اندھوں کی آنکھیں بینا کی جائیں گی۔“—یسعیاہ ۳۵:۵، کیتھولک ترجمہ
”جتنے قبروں میں ہیں . . . نکلیں گے۔“—”وہاں کے باشندوں میں بھی کوئی نہ کہے گا کہ مَیں بیمار ہوں۔“ —یسعیاہ ۳۳:۲۴
”زمین میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر اناج کی افراط ہوگی۔“ —زبور ۷۲:۱۶
پاک صحائف کی تعلیم سے فائدہ حاصل کریں
اِن وعدوں کو محض خواب نہ سمجھیں۔ ایک ایسے شاندار مستقبل کا وعدہ خدا ہی نے کِیا ہے۔ خدا کے کلام میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ یہ وعدے کیسے پورے ہوں گے۔
اِس کے علاوہ پاک صحائف میں ایسی باتیں بھی درج ہیں جن پر عمل کرنے سے آپ آج بھی ایک خوشحال زندگی جی سکتے ہیں۔ ذرا اپنی زندگی کے بارے میں سوچیں۔ شاید آپ مالی مشکلات، بیماری، خاندانی مسائل یا ایک عزیز کی موت کی وجہ سے دُکھی ہیں۔ پاک صحائف آپ کو ایسے مسائل سے نپٹنے کی طاقت دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاک صحائف میں بہت سے پیچیدہ سوالوں کے جواب پائے جاتے ہیں۔ انہیں جان کر آپ مطمئن ہو جائیں گے۔ ان سوالوں میں سے چند یہ ہیں:
▪ ہمیں دُکھ کیوں سہنے پڑتے ہیں؟
▪ ہم زندگی کی مشکلات سے کیسے نپٹ سکتے ہیں؟
▪ ہم اپنی خاندانی زندگی کو زیادہ خوشحال کیسے بنا سکتے ہیں؟
▪ مرنے پر روح کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟
▪ کیا ہم اپنے ان عزیزوں سے دوبارہ مل سکیں گے جو فوت ہو گئے ہیں؟
▪ ہم کیوں یقین رکھ سکتے ہیں کہ خدا اپنے وعدوں کو پورا کرے گا؟
اِس کتاب کو پڑھنے سے آپ ظاہر کر رہے ہیں کہ آپ پاک صحائف کی تعلیم کو جاننا چاہتے ہیں۔ غور کیجئے کہ اِس کتاب میں ہر پیراگراف کے بارے میں سوال دئے گئے ہیں۔ آپ کو ان کا جواب اُسی نمبر کے پیراگراف میں ملے گا۔ اِس طریقے سے پاک صحائف کا مطالعہ کرنے میں یہوواہ کے گواہ آپ کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔ وہ آپ کو ہر اہم نکتے کو سمجھنے میں مدد دیں گے۔ دُعا ہے کہ پاک صحائف کو سمجھنے کی کوشش میں خدا آپ کو اپنی برکت سے نوازے۔
[صفحہ ۷ پر بکس/تصویر]
خدا کا کلام پڑھیں
بائبل ۶۶ کتابوں پر مشتمل ہے۔ ہر کتاب کو ابواب اور آیات میں تقسیم کِیا گیا ہے تاکہ ہم حوالوں کو آسانی سے ڈھونڈ سکیں۔ جب ہم ایک صحیفے کا حوالہ دیتے ہیں تو کتاب کے نام کے بعد جو پہلا نمبر پایا جاتا ہے وہ باب کی طرف اشارہ کرتا ہے اور دوسرا نمبر یہ ظاہر کرتا ہے کہ حوالہ کس آیت سے لیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر ”۲-تیمتھیس ۳:۱۶“ کا مطلب ہے تیمتھیس کی دوسری کتاب، اُس کا تیسرا باب اور اُس کی سولہویں آیت۔
اِس کتاب میں جن حوالوں کا ذکر کِیا گیا ہے ان کو کھولنے سے آپ خدا کے کلام کی ترتیب سے اچھی طرح سے واقف ہو جائیں گے۔ کیوں نہ خدا کے کلام میں روزانہ پڑھنے کا معمول قائم کر لیں۔ اگر آپ ہر روز بائبل کے تین سے پانچ باب پڑھیں گے تو آپ ایک سال کے اندر اندر پوری بائبل کو پڑھ لیں گے۔