مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق نمبر 47

کیا آپ بپتسمہ لینے کے لیے تیار ہیں؟‏

کیا آپ بپتسمہ لینے کے لیے تیار ہیں؟‏

آپ نے بائبل کورس کے دوران یہوواہ خدا کے بارے میں بہت سی باتیں سیکھ لی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ نے اِن باتوں پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی میں کچھ تبدیلیاں بھی کی ہوں۔ لیکن شاید کوئی چیز آپ کو یہوواہ کے لیے زندگی وقف کرنے اور بپتسمہ لینے سے روک رہی ہو۔ اِس سبق میں کچھ ایسی ہی رُکاوٹوں پر بات کی جائے گی اور بتایا جائے گا کہ آپ اِن رُکاوٹوں پر کیسے قابو پا سکتے ہیں۔‏

1.‏ آپ کو بپتسمہ لینے سے پہلے بائبل کا کتنا علم حاصل کرنے کی ضرورت ہے؟‏

بپتسمہ لینے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے پاس ‏”‏سچائی کے بارے میں صحیح علم“‏ ہو۔ (‏1-‏تیمُتھیُس 2:‏4‏)‏ اِس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ بپتسمہ لینے سے پہلے آپ کو ہر اُس سوال کا جواب آتا ہو جس کا تعلق بائبل سے ہے۔ جن مسیحیوں نے کئی سال سے بپتسمہ لیا ہوا ہے، وہ بھی اب تک بائبل کے بارے میں نئی نئی باتیں سیکھ رہے ہیں۔ (‏کُلسّیوں 1:‏9، 10‏)‏ لیکن بپتسمہ لینے کے لیے ضروری ہے کہ آپ بائبل کی بنیادی تعلیمات کو سمجھتے ہوں۔ کلیسیا کے بزرگ یہ جاننے میں آپ کی مدد کریں گے کہ آپ کے پاس یہ بنیادی علم ہے یا نہیں۔‏

2.‏ بپتسمہ لینے سے پہلے آپ کو کون سے قدم اُٹھانے چاہئیں؟‏

بپتسمہ لینے کے لیے ضروری ہے کہ آپ ‏”‏توبہ کریں اور اپنی روِش بدلیں۔“‏ (‏اعمال 3:‏19 کو پڑھیں۔)‏ اِس کا مطلب ہے کہ اگر آپ سے ماضی میں کوئی گُناہ ہوا ہے تو آپ کو دل سے اُس پر پچھتانا چاہیے اور یہوواہ خدا سے اُس کی معافی مانگنی چاہیے۔ آپ کو اُن سارے کاموں سے مکمل طور پر دُور رہنا چاہیے جو یہوواہ خدا کو پسند نہیں ہیں اور یہ عزم کرنا چاہیے کہ آپ اُس کی مرضی کے مطابق زندگی گزاریں گے۔ اِس کے علاوہ آپ کو اِجلاسوں میں جانا چاہیے اور ایک غیربپتسمہ‌یافتہ مبشر کے طور پر کلیسیا کے ساتھ مل کر مُنادی کرنی چاہیے۔‏

3.‏ آپ کو بپتسمہ لینے سے ہچکچانا کیوں نہیں چاہیے؟‏

کچھ لوگ اِس لیے بپتسمہ لینے سے ہچکچاتے ہیں کیونکہ اُنہیں لگتا ہے کہ وہ یہوواہ سے کِیا اپنا وعدہ پورا نہیں کر پائیں گے۔ یہ سچ ہے کہ کبھی کبھار آپ سے غلطیاں ہوں گی جیسے خدا کے اُن بندوں سے ہوئیں جن کا بائبل میں ذکر کِیا گیا ہے۔ لیکن یہوواہ خدا اپنے بندوں سے یہ توقع نہیں کرتا کہ اُن سے کبھی کوئی غلطی نہ ہو۔ (‏زبور 103:‏13، 14 کو پڑھیں۔)‏ اگر آپ اُس کے حکموں پر عمل کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں تو وہ اِس بات سے خوش ہوتا ہے۔ وہ آپ کی مدد ضرور کرے گا۔ یہوواہ ہمیں یقین دِلاتا ہے کہ کوئی بھی چیز ہمیں ‏’‏خدا کی محبت سے جُدا نہیں کر سکتی۔‘‏‏—‏رومیوں 8:‏38، 39 کو پڑھیں۔‏

موضوع کی گہرائی میں جائیں

دیکھیں کہ یہوواہ خدا کو اَور اچھی طرح جاننے سے اور اُس کی مدد قبول کرنے سے آپ اُن رُکاوٹوں پر کیسے قابو پا سکتے ہیں جو آپ کو بپتسمہ لینے سے روک رہی ہیں۔‏

4.‏ یہوواہ خدا کو اَور اچھی طرح جانیں

آپ کو بپتسمہ لینے سے پہلے یہوواہ خدا کو کتنی اچھی طرح جاننے کی ضرورت ہے؟ آپ کو اُسے اِتنی اچھی طرح جاننے کی ضرورت ہے کہ آپ اُس سے پیار کرنے لگیں اور اُسے خوش کرنا چاہیں۔ ویڈیو چلائیں اور دیکھیں کہ دُنیا بھر میں بائبل کورس کرنے والے لوگوں نے ایسا کیسے کِیا ہے۔ پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • کچھ لوگوں نے کیا کِیا تاکہ وہ بپتسمہ لینے کے لیے تیار ہو سکیں؟‏

رومیوں 12:‏2 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • بائبل میں جو کچھ بتایا گیا ہے، کیا آپ کے ذہن میں اُس کے حوالے سے کوئی شک ہے؟ کیا آپ کو اِس بات پر کوئی شک ہے کہ یہوواہ کے گواہ سچائی سکھاتے ہیں؟‏

  • اگر ایسا ہے تو آپ اِس سلسلے میں کیا کر سکتے ہیں؟‏

5.‏ بپتسمہ لینے کی راہ میں آنے والی رُکاوٹوں پر قابو پائیں

جب ہم یہوواہ خدا کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے اور بپتسمہ لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ہم سب کو مشکلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک مشکل کے بارے میں جاننے کے لیے ویڈیو چلائیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • نرانگیرل کو یہوواہ کی خدمت کرنے کے سلسلے میں کن رُکاوٹوں پر قابو پانا پڑا؟‏

  • یہوواہ خدا کے لیے محبت نے اُن کی مدد کیسے کی کہ وہ اِن رُکاوٹوں پر قابو پا سکیں؟‏

امثال 29:‏25 اور 2-‏تیمُتھیُس 1:‏7 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • ہمیں رُکاوٹوں پر قابو پانے کی ہمت کیسے ملتی ہے؟‏

6.‏ یقین رکھیں کہ یہوواہ خدا آپ کی مدد کرے گا

یہوواہ خدا آپ کی مدد کرے گا تاکہ آپ اُسے خوش کر سکیں۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • بائبل کورس کرنے والا شخص بپتسمہ لینے سے کیوں ہچکچا رہا تھا؟‏

  • اُس نے کون سی ایسی بات سیکھی جس سے یہوواہ خدا پر اُس کا بھروسا مضبوط ہوا؟‏

یسعیاہ 41:‏10،‏ 13 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • آپ یہ یقین کیوں رکھ سکتے ہیں کہ آپ اُس وعدے کو پورا کر پائیں گے جو آپ اپنی زندگی یہوواہ کے لیے وقف کرتے وقت کریں گے؟‏

7.‏ اپنے دل میں یہوواہ کی محبت کے لیے قدر بڑھائیں

جتنا زیادہ آپ اِس بات پر سوچ بچار کریں گے کہ یہوواہ آپ سے کتنا پیار کرتا ہے اُتنا زیادہ آپ اُس کے شکرگزار ہوں گے اور اُتنی زیادہ آپ کی یہ خواہش بڑھے گی کہ آپ ہمیشہ تک اُس کی خدمت کریں۔ زبور 40:‏5 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • یہوواہ خدا نے آپ کو جو نعمتیں دی ہیں، آپ اُن میں سے خاص طور پر کس نعمت کے لیے اُس کے شکرگزار ہیں؟‏

یرمیاہ نبی یہوواہ خدا اور اُس کے کلام سے محبت کرتے تھے اور اِس اعزاز کی دل سے قدر کرتے تھے کہ وہ یہوواہ کے نام سے کہلاتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏تیری باتیں میرے دل کی خوشی اور خرمی تھیں کیونکہ اَے [‏یہوواہ]‏ ربُ‌الافواج!‏ مَیں تیرے نام سے کہلاتا ہوں۔“‏ (‏یرمیاہ 15:‏16‏)‏ اِن سوالوں کے جواب دیں:‏

  • یہوواہ کا گواہ ہونا اِتنے بڑے اعزاز کی بات کیوں ہے؟‏

  • کیا آپ یہوواہ کے ایک گواہ کے طور پر بپتسمہ لینا چاہتے ہیں؟‏

  • کیا کوئی بات آپ کو بپتسمہ لینے سے روک رہی ہے؟‏

  • آپ کے خیال میں آپ کو کیا کرنا چاہیے تاکہ آپ بپتسمہ لے سکیں؟‏

کچھ لوگ کہتے ہیں:‏ ”‏مجھے لگتا ہے کہ مَیں بپتسمہ لینے کے بعد خدا سے کیے اپنے وعدے پر پورا نہیں اُتر پاؤں گا۔“‏

  • کیا آپ کو بھی ایسا لگتا ہے؟‏

خلاصہ

یہوواہ خدا کی مدد سے آپ کسی بھی ایسی رُکاوٹ پر قابو پا سکتے ہیں جو آپ کو بپتسمہ لینے سے روک سکتی ہے۔‏

دُہرائی

  • بپتسمہ لینے کے لیے آپ کے پاس بائبل کا کتنا علم ہونا چاہیے؟‏

  • بپتسمہ لینے سے پہلے آپ کو کون سی تبدیلیاں کرنی پڑ سکتی ہیں؟‏

  • آپ کو بپتسمہ لینے سے کیوں نہیں ہچکچانا چاہیے؟‏

اب یہ کرنا ہے:‏

مزید جانیں

غور کریں کہ بپتسمہ لینے کی بنیادی وجہ کیا ہونی چاہیے۔‏

‏”‏کیا آپ بپتسمہ لینے کے لیے تیار ہیں؟“‏ (‏مینارِنگہبانی،‏ مارچ 2020ء)‏

اِس مضمون میں پڑھیں کہ آپ بپتسمہ لینے کی راہ میں آنے والی رُکاوٹوں پر کیسے قابو پا سکتے ہیں۔‏

‏”‏بپتسمے کی راہ میں حائل رُکاوٹوں پر قابو پائیں“‏ (‏مینارِنگہبانی،‏ مارچ 2019ء)‏

اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ ایک شخص کو بپتسمہ لینے کے سلسلے میں کن رُکاوٹوں کا سامنا تھا اور اُس نے اِن پر کیسے قابو پایا۔‏

آپ بپتسمہ لینے میں دیر کیوں کر رہے ہیں؟‏ (‏10:‏1)‏

عطا نامی ایک شخص پہلے بپتسمہ لینے سے ہچکچا رہا تھا۔ اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ عطا بپتسمہ لینے کے لیے تیار کیوں ہو گئے۔‏

کیا مَیں اِن برکتوں کے لائق ہوں بھی؟‏ (‏21:‏7)‏