سبق نمبر 15
یسوع مسیح کون ہیں؟
یسوع مسیح اُن مشہور ہستیوں میں سے ایک ہیں جو آج تک دُنیا میں آئی ہیں۔ لیکن بہت سے لوگ اُن کے نام کے علاوہ اُن کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اور بہت سے لوگوں کے اُن کے بارے میں فرق فرق نظریات ہیں۔ بائبل میں یسوع مسیح کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے؟
1. یسوع مسیح کون ہیں؟
یسوع مسیح ایک طاقتور روحانی مخلوق ہیں اور آسمان میں رہتے ہیں۔ یہوواہ خدا نے اُنہیں سب سے پہلے بنایا تھا۔ اِسی لیے اُن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ’تمام مخلوقات میں سے پہلوٹھے ہیں۔‘ (کُلسّیوں 1:15، فٹنوٹ) بائبل میں یسوع مسیح کو خدا کا ”اِکلوتا بیٹا“ کہا گیا ہے کیونکہ صرف یسوع کو ہی یہوواہ خدا نے براہِراست بنایا تھا۔ (یوحنا 3:16) وہ اپنے باپ کے بہت قریب تھے۔ جب یہوواہ نے سب چیزیں بنائیں تو یسوع نے اُس کے ساتھ مل کر کام کِیا۔ (امثال 8:30 کو پڑھیں۔) یسوع مسیح اب بھی اپنے باپ کے بہت قریب ہیں۔ اُنہیں خدا کا ”کلام“ کہا گیا ہے کیونکہ وہ وفاداری سے فرشتوں اور اِنسانوں تک خدا کے پیغام اور اُس کی ہدایتیں پہنچاتے آئے ہیں۔—یوحنا 1:14۔
2. یسوع مسیح زمین پر کیوں آئے؟
کوئی 2000 سال پہلے یہوواہ خدا نے اپنی پاک روح کے ذریعے ایک معجزہ کِیا اور یسوع کی زندگی ایک کنواری عورت کے رحم میں ڈال دی جس کا نام مریم تھا۔ اِس طرح یسوع ایک اِنسان کے طور پر پیدا ہوئے۔ (لُوقا 1:34، 35 کو پڑھیں۔) یہوواہ نے یسوع کو زمین پر اِس لیے بھیجا تاکہ یسوع وہ مسیح بنیں جس کے آنے کا وعدہ کِیا گیا تھا اور اِنسانوں کو نجات دِلائیں۔ a مسیح کے بارے میں جتنی بھی پیشگوئیاں کی گئی تھیں، وہ سب یسوع پر پوری ہوئیں۔ اِس طرح لوگ پہچان پائے کہ یسوع ”مسیح ہیں یعنی زندہ خدا کے بیٹے۔“—متی 16:16۔
3. یسوع مسیح اب کہاں ہیں؟
جب زمین پر یسوع کی زندگی ختم ہو گئی تو خدا نے اُنہیں ایک روح کے طور پر زندہ کِیا اور وہ واپس آسمان پر چلے گئے۔ وہاں ”خدا نے اُن کو پہلے سے زیادہ اُونچا مرتبہ دیا۔“ (فِلپّیوں 2:9) اب یسوع مسیح کے پاس بہت زیادہ اِختیار ہے اور وہ یہوواہ خدا کے بعد کائنات کی سب سے بڑی ہستی ہیں۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
اِس بارے میں مزید جانیں کہ یسوع مسیح کون ہیں اور اُن کے بارے میں سیکھنا اِتنا ضروری کیوں ہے۔
4. یسوع وہ خدا نہیں ہیں جو لامحدود قدرت کا مالک ہے
بائبل میں بتایا گیا ہے کہ یسوع آسمان میں ایک طاقتور روحانی مخلوق ہیں لیکن وہ اپنے خدا اور باپ یہوواہ کے تابع ہیں۔ ہم ایسا کیوں کہہ سکتے ہیں؟ ویڈیو چلائیں اور دیکھیں کہ بائبل کے مطابق یسوع اُس خدا سے کیسے فرق ہیں جو لامحدود قدرت کا مالک ہے۔
یہاں جو آیتیں دی گئی ہیں، اُن سے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کا کیا رشتہ ہے۔ آیتوں کو پڑھیں اور اُن کے بعد دیے گئے سوالوں پر باتچیت کریں۔
لُوقا 1:30-32 کو پڑھیں۔
-
فرشتے نے ”خدا تعالیٰ“ یہوواہ اور یسوع کے رشتے کے بارے میں کیا کہا؟
متی 3:16، 17 کو پڑھیں۔
-
یسوع کے بپتسمے کے موقعے پر آسمان سے کیا آواز آئی؟
-
آپ کے خیال میں وہ کس کی آواز تھی؟
یوحنا 14:28 کو پڑھیں۔
-
کون بڑا ہے اور زیادہ اِختیار رکھتا ہے، باپ یا بیٹا؟
-
جب یسوع نے یہوواہ کو اپنا باپ کہا تو اُن کا کیا مطلب تھا؟
یوحنا 12:49 کو پڑھیں۔
-
کیا یسوع مسیح یہ سوچتے ہیں کہ وہ اور اُن کا باپ ایک ہی ہستی ہیں؟ آپ کا کیا خیال ہے؟
5. اِس بات کے بہت سے ثبوت ہیں کہ یسوع ہی مسیح ہیں
بائبل میں بہت سی پیشگوئیاں لکھی ہیں جن کے ذریعے لوگ مسیح کو پہچان سکتے تھے یعنی اُس ہستی کو جس کے ذریعے خدا نے اِنسانوں کو نجات دِلانی تھی۔ ویڈیو چلائیں اور کچھ ایسی پیشگوئیوں کے بارے میں جانیں جو زمین پر یسوع کی زندگی کے دوران اُن پر پوری ہوئیں۔
بائبل میں لکھی اِن پیشگوئیوں کو پڑھیں اور اِن کے بعد دیے گئے سوالوں پر باتچیت کریں۔
میکاہ 5:2 کو پڑھیں اور جانیں کہ مسیح نے کہاں پیدا ہونا تھا۔ b
-
کیا یہ پیشگوئی یسوع پر پوری ہوئی؟—متی 2:1۔
زبور 34:20 اور زکریاہ 12:10 کو پڑھیں اور جانیں کہ مسیح کی موت کے سلسلے میں کون سی پیشگوئیاں کی گئی تھیں۔
-
کیا یہ پیشگوئیاں پوری ہوئیں؟—یوحنا 19:33-37۔
-
کیا آپ کو لگتا ہے کہ یسوع خود ایسے حالات پیدا کر سکتے تھے کہ یہ پیشگوئیاں اُن پر پوری ہوں؟
-
اِس سے یسوع کے بارے میں کیا ثابت ہوتا ہے؟
6. ہمیں یسوع مسیح کے بارے میں سیکھنے سے بہت فائدہ ہوتا ہے
بائبل کے مطابق یہ بہت اہم ہے کہ ہم یسوع مسیح کے بارے میں سیکھیں اور یہ جانیں کہ وہ خدا کے مقصد کو کیسے پورا کرتے ہیں۔ یوحنا 14:6 اور 17:3 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
-
یسوع مسیح کے بارے میں سیکھنا لازمی کیوں ہے؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”یہوواہ کے گواہ یسوع کو نہیں مانتے۔“
-
آپ اِس بات کے جواب میں کیا کہیں گے؟
خلاصہ
یسوع ایک طاقتور روحانی مخلوق ہیں۔ وہ خدا کے بیٹے اور مسیح ہیں۔
دُہرائی
-
یسوع کو ”تمام مخلوقات میں سے پہلوٹھا“ کیوں کہا گیا ہے؟
-
یسوع زمین پر آنے سے پہلے کیا کرتے تھے؟
-
ہم کیسے جانتے ہیں کہ یسوع ہی مسیح ہیں؟
مزید جانیں
اِس مضمون میں کچھ اَور ثبوتوں کے بارے میں پڑھیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ یسوع ہی مسیح ہیں۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ بائبل کے مطابق کیا خدا نے یسوع کو ویسے ہی پیدا کِیا ہے جیسے ایک اِنسانی باپ سے اولاد پیدا ہوتی ہے۔
”یسوع مسیح کو خدا کا بیٹا کیوں کہا گیا ہے؟“ (ویبسائٹ پر مضمون)
اِس مضمون میں کچھ ایسے ثبوتوں پر غور کریں جن سے پتہ چلتا ہے کہ بائبل میں تثلیث کی تعلیم نہیں دی گئی۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ بائبل سے یسوع مسیح کے بارے میں سیکھنے کے بعد ایک عورت کی زندگی کیسے بدل گئی۔
”ایک یہودی عورت نے بتایا کہ اُس نے اپنا مذہب کیوں بدل لیا“ (”جاگو!“ کا مضمون)
a سبق نمبر 26 اور 27 میں بتایا جائے گا کہ اِنسانوں کو نجات کی ضرورت کیوں ہے اور یسوع مسیح ہمیں نجات کیسے دِلائیں گے۔
b کتاب کے آخر میں نکتہ نمبر 2 کو دیکھیں۔ اِس میں ایک ایسی پیشگوئی پر بات کی گئی ہے جس میں ٹھیک اُس وقت کے بارے میں بتایا گیا تھا جب مسیح نے زمین پر ظاہر ہونا تھا۔