باب 15
یسوع مسیح کا پہلا معجزہ
-
قانا میں ایک شادی
-
یسوع مسیح نے پانی کو مے بنا دیا
دو دن پہلے نتنایل، یسوع مسیح کے شاگرد بن گئے تھے۔ اِس کے بعد یسوع مسیح اور اُن کے شاگرد گلیل کے لیے روانہ ہوئے جو اُن سب کا آبائی علاقہ تھا۔ وہ قانا نامی قصبے کو جا رہے تھے جہاں اُنہیں ایک شادی پر بلایا گیا تھا۔ نتنایل اِسی قصبے سے تعلق رکھتے تھے۔ قانا یسوع مسیح کے شہر ناصرت کے شمال میں ایک پہاڑی علاقے میں واقع تھا۔
یسوع مسیح کی ماں مریم بھی اُس شادی پر آئی ہوئی تھیں۔ مریم کی اُس گھرانے سے اچھی جان پہچان تھی جہاں شادی ہو رہی تھی اِس لیے اُنہوں نے مہمانوں کی میزبانی کرنے میں اُن لوگوں کا ہاتھ بٹایا۔ جب مریم نے دیکھا کہ مے ختم ہونے والی ہے تو اُنہوں نے یسوع مسیح سے کہا: ”اُن کے پاس مے نہیں ہے۔“—یوحنا 2:3۔
اصل میں مریم اپنے بیٹے سے کہہ رہی تھیں کہ وہ اِس مسئلے کو حل کریں۔ لیکن یسوع مسیح خدا کے مقررہ بادشاہ تھے اِس لیے مریم کے پاس یہ اِختیار نہیں تھا کہ وہ یسوع کو بتائیں کہ اُنہیں کیا کرنا چاہیے۔ یہ اِختیار صرف خدا کے پاس تھا۔ یسوع مسیح نے اپنی ماں کو یہ بات یاد دِلانے کے لیے اُن سے کہا: ”بیبی، اِس سے ہمارا کیا لینا دینا؟“ (یوحنا 2:4) مریم نے معاملے کو اپنے بیٹے پر چھوڑ دیا اور وہاں موجود خادموں سے کہا: ”جو بھی وہ تمہیں کہیں، وہ کرو۔“—یوحنا 2:5۔
وہاں پتھر کے چھ مٹکے پڑے تھے اور ہر مٹکے میں تقریباً 40 لیٹر پانی کی گنجائش تھی۔ یسوع مسیح نے خادموں سے کہا: ”مٹکوں کو پانی سے بھر دیں۔“ جب خادموں نے مٹکوں کو بھر دیا تو یسوع مسیح نے اُن سے کہا: ”اب اِن میں سے تھوڑا سا نکال کر اُس شخص کے پاس لے جائیں جس کے ہاتھ میں دعوت کا اِنتظام ہے۔“—یوحنا 2:7، 8۔
دراصل یہ پانی بہت ہی اچھی مے بن گیا تھا۔ جب دعوت کے منتظم نے اِسے چکھا تو وہ حیران ہو گیا کیونکہ اُس کو معلوم نہیں تھا کہ یہ مے معجزے کے ذریعے مہیا کی گئی تھی۔ اِس لیے اُس نے دُلہے کو بلایا اور اُس سے کہا: ”ہر میزبان پہلے اچھی مے پیش کرتا ہے۔ پھر جب مہمانوں کو نشہ چڑھ جاتا ہے تو وہ ایسی مے پیش کرتا ہے جو زیادہ اچھی نہیں ہوتی۔ لیکن آپ نے اچھی مے ابھی تک بچا کر رکھی ہے۔“—یوحنا 2:10۔
یہ یسوع مسیح کا پہلا معجزہ تھا۔ جب شاگردوں نے اِس معجزے کو دیکھا تو یسوع پر اُن کا ایمان اَور بھی پکا ہو گیا۔ اِس کے بعد یسوع مسیح اپنی ماں اور بھائیوں کے ساتھ شہر کفرنحوم کے لیے روانہ ہو گئے جو گلیل کی جھیل کے شمالی کنارے پر واقع تھا۔