مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

حصہ 5

‏”‏اپنے چرواہے اور نگہبان کے پاس لو‌ٹ“‏ آئیں

‏”‏اپنے چرواہے اور نگہبان کے پاس لو‌ٹ“‏ آئیں

اب تک ہم کچھ ایسی مشکلات پر بات کر چُکے ہیں جن کی وجہ سے ایک مسیحی، یہوواہ خدا سے دُور جا سکتا ہے۔ کیا اِن میں سے کوئی بات ایسی ہے جس نے آپ کو یہوواہ سے دُور کر دیا ہے؟ اگر ایسا ہے تو دل چھوٹا نہ کر‌یں۔ ماضی میں جب یہوواہ کے بندوں کو ایسی مشکلات کا سامنا ہوا تو اُس نے اُنہیں سنبھالا۔ آج بھی جب اُس کے بندے اِن مشکلات سے گزرتے ہیں تو وہ اُن کی مدد کر‌تا ہے۔ تو پھر بھلا وہ آپ کی مدد کیوں نہیں کر‌ے گا!‏

یہوواہ خدا اپنی بانہیں پھیلائے آپ کے لو‌ٹنے کا اِنتظار کر رہا ہے۔‏

یہوواہ خدا اپنی بانہیں پھیلائے آپ کے لو‌ٹنے کا اِنتظار کر رہا ہے۔ وہ زند‌گی کی فکروں کا مقابلہ کر‌نے اور اپنے دل سے نا‌راضگی کو ختم کر‌نے میں آپ کی مدد کر‌ے گا۔ وہ آپ کے ضمیر سے بوجھ بھی اُتار دے گا تاکہ آپ کو اِطمینان اور سکون ملے۔ اِس طرح آپ کے دل میں پھر سے یہ شوق پیدا ہوگا کہ آپ اپنے ہمایمانوں کے ساتھ مل کر یہوواہ کی خدمت کر‌یں۔ اور آپ کی صورتحال پہلی صدی کے مسیحیوں جیسی ہوگی جن کے بارے میں پطرس رسول نے کہا:‏ ”‏آپ ایسی بھیڑوں کی طرح تھے جو بھٹک رہی تھیں لیکن اب آپ اپنے چرواہے اور نگہبان کے پاس لو‌ٹ آئے ہیں۔“‏—‏1-‏پطرس 2:‏25‏۔‏

یہوواہ کے پاس لو‌ٹنے سے آپ کو بہت سے فائدے ہوں گے۔ اِس کا ایک بڑا فائدہ تو یہ ہوگا کہ آپ یہوواہ کا دل شاد کر‌یں گے۔ (‏امثال 27:‏11‏)‏ آپ جانتے ہیں کہ ہم اپنے کاموں سے یا تو یہوواہ کو خوش کر سکتے ہیں یا پھر نا‌راض۔ یہوواہ ہمیں اِس بات پر مجبور نہیں کر‌تا کہ ہم اُس سے محبت کر‌یں اور اُس کی خدمت کر‌یں۔ (‏اِستثنا 30:‏19، 20‏)‏ بائبل کے ایک عالم نے کہا کہ ”‏اِنسان کے دل کا دروازہ باہر سے نہیں بلکہ اند‌ر سے کھلتا ہے۔“‏ جب ہمارا دل یہوواہ کے لیے محبت سے بھرا ہوگا تو وہ خودبخود اُس کی عبادت کے لیے کُھلے گا۔ ہم وفاداری سے اُس کی خدمت کر‌یں گے اور یوں اُسے ایک قیمتی نذرانہ دے رہے ہوں گے۔ اِسے پا کر یقیناً اُس کا دل خوشی سے بھر جائے گا۔ اور جب وہ ہماری عبادت سے خوش ہوگا تو ہمیں بھی بے‌پناہ خوشیاں ملیں گی۔—‏اعمال 20:‏35؛‏ مکاشفہ 4:‏11‏۔‏

اِس کے علاوہ جب آپ پھر سے یہوواہ کی عبادت کر‌نے لگیں گے تو آپ کو اُس کی طرف سے رہنمائی بھی ملنے لگے گی۔ (‏متی 5:‏3‏)‏ پوری دُنیا میں لاکھوں لو‌گ سوچتے ہیں کہ ”‏آخر زند‌گی کا مقصد کیا ہے؟“‏ وہ ایسے اہم سوالو‌ں کے جوابوں کی تلاش میں رہتے ہیں مگر اُنہیں جواب نہیں ملتے۔ دراصل اِنسان خدا کی رہنمائی کے بغیر نہ تو زند‌گی کے مقصد کو جان سکتے ہیں اور نہ ہی حقیقی خوشی حاصل کر سکتے ہیں۔ لیکن ہمارے لیے یہ کتنی خوشی کی بات ہے کہ ہمیں یہوواہ خدا کی رہنمائی حاصل ہے۔—‏زبور 63:‏1-‏5‏۔‏

یہوواہ کی شدید خواہش ہے کہ آپ اُس کے پاس لو‌ٹ آئیں۔ لیکن اِس کا کیا ثبوت ہے کہ وہ واقعی ایسا چاہتا ہے؟ پہلی بات تو یہ ہے کہ اِس کتاب کو بڑی دُعاؤں کے بعد اور بڑے پیار سے آپ کے لیے تیار کِیا گیا۔ پھر کلیسیا کے کسی بزرگ یا کسی اَور بہن یا بھائی نے یہ کتاب آپ کو دی۔ اور پھر آپ نے اِسے پڑھا اور آپ کے دل میں یہوواہ کے پاس واپس جانے کی خواہش جاگی۔ اِن سب باتوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہوواہ آپ کو بھولا نہیں۔ دراصل وہ آپ کو آہستہ آہستہ اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔—‏یوحنا 6:‏44‏۔‏

یہ بات جان کر ہمیں بہت تسلی ملتی ہے کہ یہوواہ اپنی کھوئی ہوئی بھیڑوں کو کبھی نہیں بھولتا۔ اِس بات سے بہن ڈونا کو بھی بہت حوصلہ ملا۔ اُنہوں نے بتایا:‏ ”‏مَیں آہستہ آہستہ یہوواہ سے دُور ہوتی چلی گئی۔ لیکن مَیں اکثر زبور 139:‏23، 24 پر غور کِیا کر‌تی تھی۔ اِن آیتوں میں لکھا ہے:‏ ”‏اَے خدا!‏ تُو مجھے جانچ اور میرے دل کو پہچان۔ مجھے آزما اور میرے خیالو‌ں کو جان لے اور دیکھ کہ مجھ میں کوئی بُری روِش تو نہیں اور مجھ کو ابدی راہ میں لے چل۔“‏ مَیں جانتی تھی کہ مَیں اِس دُنیا کا حصہ نہیں ہوں۔ اِس لیے مَیں اِس کے سانچے میں ڈھل نہیں سکی۔ مَیں یہ بھی اچھی طرح جانتی تھی کہ میرا ٹھکانا صرف یہوواہ کی تنظیم میں ہی ہے۔ مجھے یہ احساس ہو گیا تھا کہ یہوواہ نے میرا ساتھ کبھی بھی نہیں چھوڑا۔ مجھے بس واپسی کا قدم اُٹھانا تھا جو آخرکار مَیں نے اُٹھا لیا۔ اور مجھے اِس بات کی بے‌حد خوشی ہے۔“‏

‏”‏مجھے یہ احساس ہو گیا تھا کہ یہوواہ نے میرا ساتھ کبھی بھی نہیں چھوڑا۔ مجھے بس واپسی کا قدم اُٹھانا تھا۔“‏

ہماری دلی دُعا ہے کہ آپ بھی یہوواہ کے پاس لو‌ٹ آئیں اور پھر سے وہی خوشی پائیں جو یہوواہ آپ کو دینا چاہتا ہے۔ (‏نحمیاہ 8:‏10‏)‏ آپ کو یہوواہ کے پاس لو‌ٹنے پر کبھی کوئی پچھتاوا نہیں ہوگا!‏