گورننگ باڈی کی طرف سے خط
ہمارے عزیز ساتھی!
آپ جانتے ہیں کہ بائبل میں بہت سے لوگوں کی زندگی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ اُن میں سے کئی ویسی ہی مشکلات سے گزرے جیسی آج ہم پر آتی ہیں۔ وہ لوگ ”ہمارے جیسے احساسات رکھتے تھے۔“ (یعقوب 5:17) کچھ کو پریشانیوں اور تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑا؛ کچھ کو اُن کے رشتےداروں یا ہمایمانوں سے ٹھیس پہنچی اور کچھ اپنے گُناہوں کی وجہ سے شرمندگی کے بوجھ تلے دبے ہوئے تھے۔
ایسی مشکلات کی وجہ سے وہ لوگ یہوواہ خدا سے دُور ہو گئے۔ لیکن کیا اُنہوں نے یہوواہ کو بالکل چھوڑ دیا؟ جی نہیں۔ اُن میں سے بہت سے لوگوں نے ویسا ہی محسوس کِیا جیسا خدا کے ایک وفادار بندے نے محسوس کِیا تھا۔ اُس نے خدا سے کہا: ”مَیں کھوئی ہوئی بھیڑ کی مانند بھٹک گیا ہوں۔ اپنے بندہ کو تلاش کر کیونکہ مَیں تیرے فرمان کو نہیں بھولتا۔“ (زبور 119:176) کیا آپ بھی ایسا ہی محسوس کرتے ہیں؟
یہوواہ اپنے اُن بندوں کو کبھی نہیں بھولتا جو اُس سے دُور ہو جاتے ہیں۔ وہ تو اُنہیں واپس لانے کے لیے خود اُن کی طرف قدم بڑھاتا ہے۔ اِس کام کے لیے وہ اُنہی کے ہمایمانوں کو اِستعمال کرتا ہے۔ اِس سلسلے میں ایوب کی مثال پر غور کریں۔ اُنہیں بہت سی مصیبتوں کا سامنا ہوا جیسے کہ اُن کا مالودولت لٹ گیا، اُن کے بچے مر گئے اور اُنہیں ایک بہت تکلیفدہ بیماری لگ گئی۔ اِس کے علاوہ اُن کے دوستوں نے بھی اُنہیں تسلی دینے کی بجائے اُنہیں ٹھیس پہنچائی۔ اگرچہ ایوب کچھ دیر کے لیے غلط سوچ کا شکار ہو گئے پھر بھی اُنہوں نے یہوواہ کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ اور یہوواہ نے بھی اُن سے مُنہ نہیں موڑا۔ (ایوب 1:22؛ 2:10) یہوواہ نے ایوب کی مدد کیسے کی تاکہ وہ اپنی سوچ کو بدل سکیں؟
یہوواہ نے ایوب کے ہمایمان، اِلیہو کے ذریعے اُن کی مدد کی۔ جب ایوب اپنا حال بیان کر رہے تھے تو اِلیہو نے پہلے بڑے دھیان سے اُن کی بات سنی اور پھر اُنہیں تسلی دینے کے لیے اپنی بات شروع کی۔ اِلیہو نے نہ تو اُن پر نکتہچینی کی اور نہ ہی اُنہیں شرمندہ کِیا۔ اُنہوں نے یہ ثابت کرنے کی کوشش بھی نہیں کی کہ وہ ایوب سے زیادہ سمجھدار ہیں۔ اِس کی بجائے اُنہوں نے کہا: ”مَیں تو آپ کے برابر ہوں، مجھے بھی مٹی سے لے کر تشکیل دیا گیا ہے۔“ پھر اُنہوں نے ایوب کی ہمت بڑھاتے ہوئے کہا: ”مجھے آپ کے لئے دہشت کا باعث نہیں ہونا چاہئے، میری طرف سے آپ پر بھاری بوجھ نہیں آئے گا۔“ (ایوب 33:6، 7، اُردو جیو ورشن) اِلیہو نے ایوب کی تکلیف کو بڑھانے کی بجائے بڑی محبت سے اُن کی اِصلاح اور حوصلہافزائی کی۔
ایسی ہی محبت اور خلوص کے ساتھ ہم نے اِس کتاب کو تیار کِیا ہے۔ پہلے ہم نے اُن بہن بھائیوں کی باتوں کو بڑے دھیان سے سنا جو خدا سے دُور ہو گئے تھے۔ (امثال 18:13) پھر ہم نے دُعا کر کے پاک کلام میں درج ایسے واقعات پر غور کِیا جن سے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ نے اپنے اُن بندوں کی مدد کیسے کی جو مشکلات میں گِھرے ہوئے تھے۔ اِس کے بعد ہم نے اِس کتاب کو تیار کِیا۔ اِس میں بتایا گیا ہے کہ یہوواہ ماضی میں اپنے اُن بندوں کو اپنے پاس واپس کیسے لایا جو اُس سے دُور ہو گئے تھے اور آج وہ ایسا کیسے کرتا ہے۔ ہم آپ کی حوصلہافزائی کرتے ہیں کہ اِس کتاب کو دھیان سے پڑھیں۔ اور بھروسا رکھیں کہ آپ کے لیے ہماری محبت آج بھی کم نہیں ہوئی۔
یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی