مواد فوراً دِکھائیں

گھریلو زندگی کو خوش‌گوار بنائیں | شادی‌شُدہ زندگی

ایک دوسرے کو وقت دیں

ایک دوسرے کو وقت دیں

 بہت سے میاں بیوی کو اُس وقت بھی ایک دوسرے سے بات کرنا مشکل لگتا ہے جب وہ اِکٹھے ہوتے ہیں۔ لیکن ایسا کیوں ہوتا ہے؟‏

 ساتھ ہونے کے باوجود بھی دُوری کیوں؟‏

  •   تھکاوٹ

     ‏”‏جب ہمیں ایک دوسرے سے بات کرنے کا وقت ملتا ہے تو یا تو میرے شوہر تھکے ہوتے ہیں یا پھر مَیں تھکی ہوتی ہوں۔ جب مَیں تھکی ہوئی ہوتی ہوں تو مَیں چھوٹی چھوٹی بات پر بھی چڑ جاتی ہوں۔ ایسے وقت مَیں اچھا یہ ہوتا ہے کہ ہم چپ کر کے ٹی‌وی دیکھیں۔“‏—‏اینا۔‏

  •   اِنٹرنیٹ

     ‏”‏اِنٹرنیٹ آپ کا بہت سا وقت کھا سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کئی کئی گھنٹے اِنٹرنیٹ اِستعمال کرتے رہیں اور اِس دوران ایک بار بھی اپنے جیون ساتھی سے بات نہ کریں، یہاں تک کہ آپ ایک ساتھ ایک کمرے میں بھی نہ بیٹھے ہوں۔ “‏—‏کیتھرین۔‏

  •   فرق فرق شوق

     ‏”‏کام سے آنے کے بعد میرے شوہر اکثر اُن کاموں میں لگ جاتے ہیں جو اُنہیں پسند ہیں۔ اِتنی سخت محنت کرنے کے بعد اچھا ہے کہ وہ ذہنی سکون کے لیے اپنی پسند کے کام کرتے ہیں۔ لیکن کاش کہ ہم تھوڑا زیادہ وقت اِکٹھے گزار سکیں۔“‏—‏جین۔‏

  •   ملازمت

     ‏”‏ٹیکنالوجی کی وجہ سے کام کی جگہ اور گھر میں کوئی فرق ہی نہیں رہا۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ جو وقت مجھے اپنی بیوی کو دینا چاہیے، اُس میں مَیں ای‌میلز اور میسجوں کا جواب دے رہا ہوتا ہوں۔“‏—‏مارک۔‏

 آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

  •   صرف موقع ملنے پر ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کو لازمی وقت دیں۔‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ”‏آپ معلوم کرتے رہیں کہ کون سی باتیں زیادہ اہم ہیں۔“‏—‏فِلپّیوں 1:‏10‏۔‏

     ذرا سوچیں:‏ کیا آپ کے کاموں سے پتہ چلتا ہے کہ آپ اپنی شادی کو اپنی ملازمت اور آرام سکون سے زیادہ اہم سمجھتے ہیں؟ کیا آپ اپنے جیون ساتھی کو تبھی وقت دیتے ہیں جب آپ کے پاس اَور کچھ کرنے کو نہیں ہوتا؟‏

     مشورہ:‏ باقاعدگی سے اپنے جیون ساتھی کے ساتھ وقت گزارنے کا پلان بنائیں اور اِس دوران کوئی اَور کام نہ کریں۔‏

     ‏”‏مجھے اُس وقت بہت خوشی ہوتی ہے جب میرے شوہر میرے ساتھ وقت گزارنے کے لیے کوئی پلان بناتے ہیں۔ اِس سے مجھے محسوس ہوتا ہے کہ وہ مجھ سے پیار کرتے ہیں اور اُنہیں میرے ساتھ وقت گزارنا اچھا لگتا ہے۔ اور میرے دل میں اُن کے لیے پیار اَور بڑھ جاتا ہے۔“‏—‏اینا۔‏

  •   اپنے جیون ساتھی کے ساتھ وقت گزارتے وقت موبائل وغیرہ اِستعمال نہ کریں۔‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ’‏ہر کام کا ایک وقت ہے۔‘‏—‏واعظ 3:‏1‏۔‏

     ذرا سوچیں:‏ کتنی بار ایسا ہوا ہے کہ آپ اپنے جیون ساتھی سے با ت کر رہے ہوتے ہیں اور بیچ میں کوئی میسج آ جاتا ہے اور آپ اُس سے بات چھوڑ کر میسج دیکھنا شروع کر دیتے ہیں؟‏

     مشورہ:‏ ہر روز کم از کم ایک بار ضرور اِکٹھے کھانا کھائیں اور اِس دوران اپنا فون اپنے پاس نہ رکھیں۔ کھانا کھاتے وقت آپ کے پاس ایک دوسرے سے دن بھر کی باتیں کرنے کا موقع ہوتا ہے۔

  •   جب بھی موقع ملے تو مل کر خریداری اور گھر کے کام کریں۔‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ”‏ایک سے دو بہتر ہیں کیونکہ اُن کی محنت سے اُن کو بڑا فائدہ ہوتا ہے۔“‏—‏واعظ 4:‏9‏۔‏

     ذرا سوچیں:‏ آپ اور آپ کا جیون ساتھی کتنی بار کسی کام سے یا گھر کا سودا لینے کے لیے اکیلے اکیلے جاتے ہیں؟‏

     مشورہ:‏ مل کر کام کریں پھر چاہے وہ کام آپ دونوں میں سے کوئی اکیلے بھی کر سکتا ہو۔‏

     ‏”‏سودا خریدے، برتن دھونے یا کپڑے تہہ کرنے کو کام نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع سمجھیں۔“‏—‏نینا۔‏

  •   اپنے جیون ساتھی سے ایسی اُمیدیں نہ رکھیں جن پر پورا اُترنا اُس کے لیے مشکل ہے۔‏

     پاک کلام کا اصول:‏ ”‏آپ کی سمجھ‌داری سب لوگوں کو دِکھائی دے۔“‏—‏فِلپّیوں 4:‏5‏۔‏

     ذرا سوچیں:‏ آپ کیسے ثابت کر سکتے ہیں کہ آپ اپنے جیون ساتھی سے ایسی اُمیدیں نہیں کرتے جن پر وہ پورا نہیں اُتر سکتا؟‏

     مشورہ:‏ ایک دوسرے کی ضرورتوں کو سمجھنے کے لیے آپس میں بات کریں۔ طے کریں کہ آپ دونوں اپنا وقت کیسے گزاریں گے تاکہ آپ دونوں کو خوشی ملے۔‏

     ‏”‏میرے شوہر کو اِتنی جلدی تھکاوٹ نہیں ہوتی لیکن مَیں اپنی صحت کی وجہ سے جلدی تھک جاتی ہوں۔ مَیں اکثر اپنے شوہر کو باہر جانے اور وہ کام کرنے کو کہتی ہوں جن سے اُنہیں خوشی ملے اور خود مَیں گھر پر رہتی ہوں۔ اور جب وہ ورزش کرنے جاتے ہیں تو مَیں گھر پر آرام کرتی ہوں۔ ہم دونوں کو وہ کام کر کے اچھا لگتا ہے جس کی ہمیں ضرورت ہے۔“‏—‏ڈینی‌ایلا۔‏

 اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں

 سب سے پہلے اکیلے میں اِن سوالوں پر غور کریں۔ اِس کے بعد مل کر اِن پر بات‌چیت کریں۔‏

  •    کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ اور آپ کا جیون ساتھی کافی وقت اِکٹھے گزارتے ہیں؟‏

  •   آپ کے جیون ساتھی نے آپ کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے کون سی کوششیں کی ہیں جن کی وجہ سے آپ اُس کی تعریف کر سکتے ہیں؟‏

  •   آپ اپنے جیون ساتھی کے اندر کن باتوں میں بہتری دیکھنا چاہتے ہیں؟‏

  •   جب آپ کا جیون ساتھی آپ سے بات کر رہا ہوتا ہے تو کتنی بار ایسا ہوتا ہے کہ آپ کا دھیان اپنے فون پر چلا جاتا ہے اور آپ توجہ سے اُس کی بات نہیں سنتے؟‏

  •   آپ دونوں کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ دونوں ایک دوسرے سے حد سے بڑھ کر اُمیدیں نہ رکھیں؟‏

  •   اِس ہفتے آپ کون سی تبدیلیاں کر سکتے ہیں تاکہ آپ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزاریں اور آپ کا دھیان بھی نہ بھٹکے؟‏