یہوواہ کے گواہ اُن لوگوں کو تبلیغ کیوں کرتے ہیں جو پہلے ہی کسی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں؟
ہم نے دیکھا ہے کہ بہت سے لوگ ایسے موضوعات پر بات کرنا پسند کرتے ہیں جو کتابِ مُقدس پر مبنی ہوتے ہیں۔ لیکن ہم کسی کو اپنا پیغام سننے پر مجبور نہیں کرتے۔ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہر شخص کو اپنے عقیدوں کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
جب ہم کسی شخص سے مذہب کے بارے میں بات کرتے ہیں تو ہم کتابِ مُقدس کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ”نرم مزاجی اور احترام“ سے پیش آتے ہیں۔ (1-پطرس 3:15، نیو اُردو بائبل ورشن) ہم جانتے ہیں کہ ہر کوئی ہمارے پیغام کو قبول نہیں کرے گا۔ (متی 10:14) لیکن جب تک ہم تبلیغ نہیں کریں گے، ہمیں پتہ نہیں چلے گا کہ کون ہمارے پیغام کو سننا چاہتا ہے اور کون نہیں۔ ہم اِس لیے بھی بار بار لوگوں کے پاس جاتے ہیں کیونکہ لوگوں کے حالات بدلتے رہتے ہیں۔
مثال کے طور پر شاید ایک شخص مصروفیت کی وجہ سے ہمارا پیغام نہ سنے لیکن کسی اَور موقعے پر ہماری بات سننے کے لیے تیار ہو۔ اِس کے علاوہ حالات بدلنے کی وجہ سے لوگوں کو نئے نئے مسئلوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ ایسی صورتحال میں وہ کتابِ مُقدس کا پیغام سننے کی طرف مائل ہوں۔ اِنہی وجوہات کی بِنا پر ہم بار بار لوگوں سے بات کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔