مواد فوراً دِکھائیں

کیا یہوواہ کے گواہوں کی اپنی بائبل ہے؟‏

کیا یہوواہ کے گواہوں کی اپنی بائبل ہے؟‏

 یہوواہ کے گواہ بائبل کا مطالعہ کرنے کے لیے بہت سے ترجمے اِستعمال کرتے ہیں۔ لیکن جن زبانوں میں کتابِ مُقدس—‏ترجمہ نئی دُنیا موجود ہے، اُن میں ہم خاص طور پر اِس ترجمے کو اِستعمال کرتے ہیں کیونکہ اِس میں خدا کا نام ہزاروں بار آتا ہے، یہ صحیح متن کے مطابق ہے اور یہ آسان اور واضح ہے۔‏

  •   خدا کے نام کا اِستعمال۔‏ بائبل کے کچھ ترجموں میں اِس کے مصنف کو وہ عزت نہیں دی گئی جو دی جانی چاہیے تھی۔ مثال کے طور پر بائبل کے ایک ترجمے میں 70 سے زیادہ ایسے لوگوں کے نام دیے گئے ہیں جنہوں نے اِس ترجمے پر کام کِیا۔ لیکن اِس ترجمے میں بائبل کے مصنف یعنی یہوواہ خدا کا نام بالکل نہیں پایا جاتا۔‏

     اِس کے برعکس ترجمہ نئی دُنیا میں یہوواہ کا نام اُن تمام جگہوں پر لگایا گیا ہے جہاں یہ اصلی متن میں موجود ہے۔ لیکن اُن لوگوں کے نام کہیں نہیں دیے گئے جنہوں نے اِس ترجمے پر کام کِیا۔‏

  •   صحیح متن کے مطابق۔‏ کئی ترجموں میں بائبل کے پیغام کو اُس طرح پیش نہیں کِیا گیا جس طرح اصلی متن میں پیش کِیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر بائبل کے ایک ترجمے میں متی 7:‏13 کا ترجمہ یوں کِیا گیا ہے:‏ ”‏تنگ دروازے سے داخل ہو کیونکہ دوزخ کا دروازہ چوڑا ہے اور اِس تک لے جانے والا راستہ آسان ہے۔“‏ لیکن اصلی متن میں جو لفظ اِستعمال ہوا ہے، اُس کا مطلب ”‏دوزخ“‏ نہیں بلکہ ”‏تباہی“‏ ہے۔ شاید ترجمہ نگاروں نے لفظ ”‏دوزخ“‏ اِس لیے اِستعمال کِیا کیونکہ وہ یہ مانتے تھے کہ بُرے لوگوں کو ہمیشہ کے لیے دوزخ کی آگ میں تڑپایا جائے گا۔ لیکن یہ عقیدہ بائبل کے مطابق نہیں ہے۔ لہٰذا ترجمہ نئی دُنیا میں اِس آیت کا ترجمہ صحیح متن کے مطابق یوں کِیا گیا ہے:‏ ”‏چھوٹے دروازے سے داخل ہوں کیونکہ وہ دروازہ بڑا ہے اور وہ راستہ کُھلا ہے جو تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔“‏

  •   آسان اور واضح۔‏ بائبل کے ترجمے کو نہ صرف اصلی متن کے مطابق ہونا چاہیے بلکہ اِسے آسان اور قابلِ سمجھ بھی ہونا چاہیے۔ مثال کے طور پر متی 5:‏3 میں یسوع مسیح نے جو الفاظ اِستعمال کیے، اُن کا لفظی مطلب ہے:‏ ”‏خوش ہیں وہ جو روح کے غریب ہیں۔“‏ لیکن اِس بات کو سمجھنا اِتنا آسان نہیں ہے۔ اِس لیے ترجمہ نئی دُنیا میں اِس آیت کا ترجمہ اِس طریقے سے کِیا گیا ہے کہ لوگ یسوع مسیح کی بات کا مطلب آسانی سے سمجھ سکیں۔ اِس میں لکھا ہے:‏ ”‏وہ لوگ خوش رہتے ہیں جن کو احساس ہے کہ اُنہیں خدا کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔“‏

  ترجمہ نئی دُنیا کی ایک اَور خاص بات یہ ہے کہ اِسے مُفت حاصل کِیا جا سکتا ہے۔ اِس وجہ سے لاکھوں لوگ اپنی مادری زبان میں بائبل کو پڑھ سکتے ہیں، وہ لوگ بھی جن کے لیے اِسے خریدنا مشکل ہے۔‏