پاک کلام کی تعلیم زندگی سنوارتی ہے
”میرے پاس جوابوں سے زیادہ سوال تھے“
پیدائش: 1976ء
پیدائش کا ملک: ہنڈوراس
ماضی: ایک پادری
میری سابقہ زندگی:
مَیں ہنڈوراس کے شہر لا سییبا میں پیدا ہوا۔ مَیں چار بہنوں کا اِکلوتا بھائی تھا اور سب سے چھوٹا تھا۔ مَیں اپنی پیدائش سے ہی بہرا تھا۔ ہم لوگ بہت غریب تھے اور ایک بڑے ہی خطرناک علاقے میں رہتے تھے۔ ہمارے حالات اُس وقت اَور زیادہ بگڑ گئے جب میرے ابو کام کی جگہ پر ایک حادثے میں فوت ہو گئے۔ اُس وقت میں چار سال کا تھا۔
میری امی میرا اور میری بہنوں کا خیال رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی تھیں۔ لیکن اُن کے پاس اکثر اِتنے پیسے نہیں ہوتے تھے کہ وہ میرے لیے گرم کپڑے خرید سکتیں۔ اِس لیے جب بارش ہوتی تھی تو مَیں سردی سے کانپتا رہتا تھا۔
جب مَیں بڑا ہوا تو مَیں نے ہنڈورن اِشاروں کی زبان سیکھی جس کے ذریعے مَیں دوسرے بہرے لوگوں سے بات کر سکتا تھا۔ مگر میری امی اور بہنوں نے یہ زبان نہیں سیکھی تھی۔ اِس لیے وہ اپنے بنائے ہوئے اِشاروں سے مجھ سے بات کرتی تھیں۔ لیکن میری امی مجھ سے بہت پیار کرتی تھیں اور مجھے ہر خطرے سے بچانا چاہتی تھیں۔ اِس لیے اُنہیں جو تھوڑے بہت اِشارے آتے تھے،اُن میں وہ مجھے بتاتی تھیں کہ مَیں سگریٹ پینے اور شرابنوشی جیسی بُری عادتوں سے دُور رہوں۔ مَیں اُن کا بہت شکرگزار ہوں کہ اُن کی اِن نصیحتوں کی وجہ سے مجھے ایسی کوئی بُری لت نہیں لگی۔
جب مَیں چھوٹا تھا تو میری امی مجھے اپنے ساتھ کیتھولک چرچ لے جایا کرتی تھیں۔ لیکن وہاں کوئی بھی اِشاروں کی زبان میں مجھے یہ نہیں بتاتا تھا کہ چرچ میں کیا سکھایا جا رہا ہے۔ اِس لیے مَیں وہاں اِتنا بور ہو جاتا تھا کہ جب مَیں دس سال کا تھا تو مَیں نے چرچ جانا ہی چھوڑ دیا۔ لیکن مَیں خدا کے بارے میں اَور جاننا چاہتا تھا۔
سن 1999ء میں جب مَیں 23 سال کا تھا تو مَیں ایک عورت سے ملا جو امریکہ کے ایک چرچ کی ممبر تھی۔ اُس نے مجھے بائبل کورس کرایا اور امریکی اِشاروں کی زبان بھی سکھائی۔ مَیں جو کچھ سیکھ رہا تھا، وہ مجھے اِتنا اچھا لگا کہ مَیں نے پادری بننے کا فیصلہ کِیا۔ اِس مقصد کو پورا کرنے کے لیے مَیں پورٹو ریکو گیا جہاں ایک مسیحی اِدارے میں بہرے لوگوں کو پادری بننے کی تربیت دی جاتی تھی۔ پادری بننے کے بعد جب مَیں 2002ء میں اپنے شہر واپس آیا تو مَیں نے اپنے دوستوں کی مدد سے بہرے لوگوں کے لیے ایک چرچ قائم کِیا۔ میرے اِن دوستوں میں سے ایک پیٹریشا تھیں جن سے بعد میں مَیں نے شادی کر لی۔
مَیں اپنے چرچ میں ہنڈورن اِشاروں کی زبان میں وعظ کِیا کرتا تھا، بائبل کی کہانیوں پر مبنی تصویریں دِکھایا کرتا تھا اور اِس میں لکھے واقعات کو ڈرامے کی صورت میں پیش کرتا تھا تاکہ بہرے لوگ اِنہیں سمجھ سکیں۔ کبھی کبھار مَیں قریبی شہروں میں رہنے والے بہرے لوگوں کی حوصلہافزائی اور مدد کرنے کے لیے اُن سے ملنے جایا کرتا تھا۔ مَیں نے تو ایک مشنری کے طور پر امریکہ اور زمبیا کا بھی دورہ کِیا۔ لیکن سچ کہوں تو میرے پاس بائبل کا اِتنا زیادہ علم نہیں تھا۔ مَیں لوگوں کو صرف وہی باتیں بتاتا تھا جو مجھے سمجھائی گئی تھیں اور جو مَیں نے تصویروں کو دیکھ کر سیکھی تھیں۔ دراصل میرے پاس جوابوں سے زیادہ سوال تھے۔
ایک دن مجھے پتہ چلا کہ میرے چرچ کی تین عورتیں میرے بارے جھوٹی افواہیں پھیلا رہی ہیں۔ وہ دوسروں کو یہ بتا رہی تھیں کہ مَیں شرابی ہوں اور اپنی بیوی کو دھوکا دے رہا ہوں۔ مجھے بہت غصہ آیا اور بڑی مایوسی ہوئی۔ اِس لیے تھوڑے عرصے بعد مَیں نے اور پیٹریشا نے چرچ کو چھوڑ دیا۔
پاک کلام کی تعلیم کا اثر:
یہوواہ کے گواہ اکثر ہمارے گھر پر دستک دیتے تھے لیکن مَیں نے اور پیٹریشا نے کبھی اُن کی بات نہیں سنی۔ مگر چرچ چھوڑنے کے بعد پیٹریشا یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کورس کرنے پر راضی ہو گئیں۔ وہ تھامس اور لسیِ نامی ایک شادیشُدہ جوڑے سے بائبل کی تعلیم حاصل کرنے لگیں۔ مَیں یہ دیکھ کر بہت متاثر ہوا کہ اُن دونوں کو اِشاروں کی زبان آتی تھی حالانکہ وہ بہرے نہیں تھے۔ اِس لیے مَیں بھی پیٹریشا کے ساتھ مل کر اُن سے بائبل کورس کرنے لگا۔
وہ کچھ مہینوں تک ہمیں امریکی اِشاروں کی زبان والی ویڈیوز کے ذریعے بائبل کورس کراتے رہے۔ لیکن جب ہمارے کچھ دوستوں نے ہمیں بتایا کہ یہوواہ کے گواہ اِنسانوں کے پیروکار ہیں تو ہم نے اُن سے بائبل کورس کرنا چھوڑ دیا۔ حالانکہ تھامس نے مجھے اِس بات کے کئی ثبوت پیش کیے کہ یہوواہ کے گواہ اِنسانی رہنماؤں کی پیروی نہیں کرتے لیکن پھر بھی مَیں نے اُن کی بات پر یقین نہیں کِیا۔
کچھ مہینے بعد پیٹریشا ڈپریشن کا شکار ہو گئیں۔ اُنہوں نے دُعا میں خدا سے اِلتجا کی کہ وہ یہوواہ کے گواہوں کو پھر سے اُن کے گھر بھیجے۔ تھوڑے ہی عرصے بعد ہماری ایک پڑوسن جو یہوواہ کی گواہ تھی، پیٹریشا سے ملنے آئی اور اُن سے کہا کہ وہ لسیِ سے کہے گی کہ وہ اُن سے ملنے آئیں۔ لسیِ، پیٹریشا کی سچی دوست ثابت ہوئیں۔ وہ ہر ہفتے پیٹریشا کا حوصلہ بڑھانے اور اُنہیں بائبل کورس کرانے کے لیے آنے لگیں۔ لیکن میرے دل میں گواہوں کے لیے جو خدشے تھے، وہ وہیں کے وہیں رہے۔
سن 2012ء میں یہوواہ کے گواہوں نے ایک خاص مہم چلائی جس میں وہ ہنڈورن اِشاروں کی زبان میں لوگوں کو ایک ڈیویڈی دے رہے تھے جس کا عنوان ”کیا آپ سچائی جاننے کی خواہش رکھتے ہیں؟“ تھا۔ لسیِ نے ہمیں بھی وہ ڈیویڈی دی۔ جب مَیں نے اِسے دیکھا تو مَیں حیران رہ گیا کہ بہت سی ایسی تعلیمات جو مَیں لوگوں کو سکھا رہا تھا، وہ بائبل میں نہیں پائی جاتیں جیسے کہ دوزخ اور غیرفانی جان کی تعلیم۔
اگلے ہی ہفتے مَیں تھامس سے بات کرنے کے لیے یہوواہ کے گواہوں کی عبادتگاہ پر گیا۔ مَیں نے اُن سے کہا کہ مَیں بہرے لوگوں کو بائبل کی سچائیاں سکھانا چاہتا ہوں لیکن ایک یہوواہ کا گواہ بن کر نہیں۔ مَیں نے سوچ رکھا تھا کہ مَیں بہرے لوگوں کے لیے اپنا ایک الگ سے چرچ کھولوں گا۔ تھامس نے مجھے اِس بات پر داد دی کہ مَیں دوسروں کو پاک کلام کی تعلیم دینا چاہتا ہوں۔ لیکن اُنہوں نے مجھے بائبل سے اِفسیوں 4:5 دِکھائی جس میں بتایا گیا تھا کہ سچے مسیحیوں کی کلیسیا میں اِتحاد کا ہونا بہت ضروری ہے۔
تھامس نے مجھے امریکی اِشاروں کی زبان میں ایک ڈیویڈی بھی دی۔ a اِس میں مَیں نے ایسے آدمیوں کو دیکھا جنہوں نے بنیادی عقیدوں کو سمجھنے کے لیے بڑی گہرائی سے بائبل کا مطالعہ کِیا۔ مَیں ویڈیو میں دِکھائے جانے والے لوگوں کے جذبات کو محسوس کر سکتا تھا کیونکہ مَیں بھی اُنہی کی طرح سچائی کی تلاش کر رہا تھا۔ اِس ویڈیو کو دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا کہ یہوواہ کے گواہ سچائی سکھاتے ہیں کیونکہ اُن کے تمام عقیدے بائبل کی تعلیم پر مبنی ہیں۔ لہٰذا مَیں پھر سے اُن سے بائبل کورس کرنے لگا اور 2014ء میں مَیں نے اور پیٹریشا نے یہوواہ کے گواہوں کے طور پر بپتسمہ لے لیا۔
میری زندگی سنور گئی:
مجھے یہوواہ کے گواہوں کی کلیسیا بہت اچھی لگتی ہے کیونکہ یہ ہر لحاظ سے پاک صاف ہے جیسے خدا پاک ہے۔ یہوواہ کے گواہوں کی باتچیت اور اُن کا چالچلن بھی پاک ہے۔ وہ آپس میں صلح سے رہتے ہیں اور ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ اُن کا اِتحاد مثالی ہے۔ وہ چاہے کسی بھی ملک میں رہتے ہوں یا کوئی بھی زبان بولتے ہوں، اُن کی تعلیمات ایک جیسی ہیں۔
مجھے پاک کلام کی سچائیاں سیکھ کر بہت خوشی ملی ہے۔ مثال کے طور پر مَیں نے سیکھ لیا ہے کہ یہوواہ لامحدود طاقت کا مالک ہے، وہ پوری زمین کا حاکم ہے اور وہ ہم سب سے محبت کرتا ہے پھر چاہے ہم بہرے ہوں یا سُن سکتے ہوں۔ مَیں اِس بات کی بہت قدر کرتا ہوں کہ خدا مجھ سے محبت کرتا ہے۔ اُس کے کلام سے مَیں نے یہ بھی سیکھا ہے کہ بہت جلد زمین ایک خوبصورت فردوس بن جائے گی جس میں ہم ہمیشہ تک زندہ رہیں گے اور اُس وقت ہمیں کسی طرح کی معذوری نہیں ہوگی۔ مَیں اُس دن کا شدت سے اِنتظار کر رہا ہوں۔
مجھے اور پیٹریشا کو بہرے لوگوں کو پاک کلام کی تعلیم دینا بہت اچھا لگتا ہے۔ ابھی ہم اُس چرچ کے کچھ لوگوں کو بائبل کورس کرا رہے ہیں جس کا ہم پہلے حصہ ہوا کرتے تھے۔ جب مَیں ایک پادری تھا تو میرے ذہن میں خود اُن تعلیمات کے حوالے سے کئی سوال ہوتے تھے جو مَیں دوسروں کو سکھاتا تھا۔ لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ آخرکار مجھے یہوواہ کے گواہوں سے بائبل کورس کر کے اپنے تمام سوالوں کے جواب مل گئے ہیں۔
a یہ ڈیویڈی ”جیہوواز وِٹنسز—فیتھ اِن ایکشن، پارٹ 1: آؤٹ آف ڈارکنس“ تھی۔