دن کم اور کام زیادہ
جمعہ 5 جولائی 2013ء کو یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کے رُکن انتھونی مورس نے ایک اِعلان کِیا جسے سُن کر امریکہ کے بیت ایل میں کام کرنے والے تمام ارکان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اُنہوں نے کہا: ”بروکلن میں اُن چھ عمارتوں کو بیچنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے جو 117 Adams Street اور 90 Sands Street میں ہیں۔ a اِس معاہدے کے مطابق ہمیں 117 Adams Street کی پانچوں عمارتوں کو اگست کے وسط تک خالی کرنا ہوگا۔“
یہ کافی مشکل کام تھا۔ اِن پانچ عمارتوں کا کُل رقبہ فٹ بال کے گیارہ بڑے بڑے گراؤنڈ جتنا تھا۔ لیکن اِن کو خالی کرنے کے لیے صرف 60 دن تھے۔
کئی سال تک اِن پانچ عمارتوں میں چھپائی اور جِلدسازی کا کام کِیا گیا۔ لیکن 2004ء میں اِس کام کو نیو یارک کے شہر والکل میں منتقل کر دیا گیا۔
پھر اِن عمارتوں کو گوداموں کے طور پر اِستعمال کِیا جانے لگا۔ اِن میں دفتر کا فرنیچر اور تعمیراتی سازوسامان رکھا گیا جو امریکہ اور دوسرے ملکوں میں ہونے والے تعمیراتی کاموں میں اِستعمال کِیا جاتا تھا۔
اِن عمارتوں کو مقررہ وقت پر خالی کرنے کے لیے منصوبہ سازی کی ضرورت تھی۔ پہلے تمام چیزوں کی فہرست تیار کی گئی تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کن چیزوں کو بیچنا ہے، کن کو رکھنا ہے اور کن کو پھینکنا ہے۔ پھر اِس کام کو زیادہ محفوظ اور مؤثر طریقے سے کرنے کے لیے اِنتظامات کیے گئے۔
اِس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے بیت ایل کے ارکان نے بہت محنت کی۔ اِس کے علاوہ امریکہ کی مختلف ریاستوں سے 41 یہوواہ کے گواہوں کو رضاکاروں کے طور پر کام کرنے کے لیے بلایا گیا جن میں سے زیادہ تر جوان اور غیرشادی شُدہ مرد تھے۔ وہ اِس کام میں مدد کرنے کے لیے اپنے گھر والوں، دوستوں اور نوکریوں کو چھوڑ کر چھ سے دس ہفتے کے لیے یہاں آئے۔ آئیں، دیکھیں کہ اِس کام میں حصہ لینے والے کچھ رضاکاروں کے کیا تاثرات تھے۔
اکیس سالہ جورڈن جو ریاست واشنگٹن سے آئے تھے، کہتے ہیں: ”کاش مَیں نے بہت پہلے ہی بیت ایل میں خدمت کے لیے درخواست دے دی ہوتی۔“
سٹیون جو 20 سال کے ہیں اور جن کا تعلق ریاست ٹیکساس سے ہے، اُنہوں نے بتایا: ”مجھے لگتا ہے کہ مَیں ایک خوش حال اور محنتی خاندان کا فرد ہوں جو پوری دُنیا میں پھیلا ہوا ہے۔“
جسٹن جو 23 سال کے ہیں، اُنہوں نے کہا: ”مجھے بیت ایل بالکل اپنے گھر جیسا لگتا ہے۔ یہاں پر بہت سے تجربہ کار لوگ ہیں اور سب ایک دوسرے کے ساتھ پیار اور محبت سے پیش آتے ہیں۔ یہاں آ کر مجھے بہت اچھے دوست ملے ہیں۔“
بیس سالہ ایڈلر جو ملک پورٹو ریکو سے آئے تھے، اُنہوں نے کہا: ”صبح جلدی اُٹھنا میرے لیے کافی مشکل تھا۔ لیکن یہاں مجھے ایسے دوست ملے جن سے میری دوستی کبھی نہیں ٹوٹے گی۔“
ولیم جو 21 سال کے ہیں، کہتے ہیں: ”بچپن سے ہی میری یہ خواہش تھی کہ مَیں بیت ایل میں خدمت کروں۔ مَیں یہ سوچتا تھا کہ وہاں جا کر مَیں اکیلا پڑ جاؤں گا۔ لیکن میری سوچ غلط تھی۔ بیت ایل میں خدمت کر کے مجھے جتنی خوشی ملی ہے، اُتنی کہیں اَور نہیں ملی۔ یہ میری زندگی کا سب سے حسین تجربہ ہے۔“
لیکن کیا تمام کارکُن مقررہ وقت میں کام ختم کر پائے؟ جی ہاں، اور وہ بھی صرف 55 دنوں میں۔
a 90 Sands Street کی عمارت کو 2017ء میں خالی کِیا جائے گا۔