واچ ٹاور فارمز میں 50 سال سے فصل کی کٹائی
امریکہ کے شہر نیو یارک سے کوئی 145 کلومیٹر (90 میل) دُور شہر والکل کے قریب یہوواہ کے گواہوں کے کچھ فارمز ہیں جنہیں واچ ٹاور فارمز کہا جاتا ہے۔ اِن فارمز نے پوری دُنیا میں پاک کلام کا پیغام پھیلانے میں ایک اہم کردار ادا کِیا ہے۔ سب سے پہلا فارم 50 سال پہلے یعنی 2 جنوری 1963ء کو خریدا گیا تھا۔
ڈیوِڈ واکر یہوواہ کے گواہ ہیں اور شروع سے ہی اِن فارمز پر کام کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ پہلا فارم خریدنے کا فیصلہ کیوں کِیا گیا تھا: ”بروکلن میں یہوواہ کے گواہوں کے مرکزی دفتر کے ارکان کی تعداد میں دن بہ دن اِضافہ ہو رہا تھا۔ اِس لیے ہمیں کوئی طریقہ ڈھونڈنا تھا تاکہ ہم اُنہیں کم خرچے پر اچھا کھانا فراہم کر سکیں۔ یہوواہ کے گواہوں کے کچھ فارم پہلے سے موجود تھے لیکن وہ بروکلن سے چھ سے آٹھ گھنٹے کی دُوری پر تھے جبکہ والکل صرف دو گھنٹے دُور تھا۔ اِس لیے یہ جگہ فارم کے لیے بالکل مناسب تھی۔“ یہوواہ کے گواہ اِس فارم پر سبزیاں اور پھل اُگاتے تھے اور گوشت اور دودھ کے لیے مویشی پالتے تھے۔ وقت کے ساتھ ساتھ مزید فارم خریدے گئے۔
اگلے دس سال میں پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں کی تعداد بہت بڑھ گئی۔ اِس لیے والکل میں ایک اَور طرح کی فصل کی کٹائی کے لیے اِنتظامات کیے گئے یعنی اُس روحانی فصل کی کٹائی کے لیے جس کے بارے میں یسوع مسیح نے پیش گوئی کی تھی۔ (متی 9:37؛ لُوقا 10:2؛ یوحنا 4:35، 36) ذرا دیکھیں کہ والکل میں کیا کیا انجام دیا گیا۔
چھپائی: 20ویں صدی کے وسط میں ہماری زیادہ تر کتابیں اور رسالے بروکلن میں چھپتے تھے۔ لیکن جیسے جیسے ہماری مطبوعات کی مانگ بڑھتی گئی، بروکلن میں اِس مانگ کو پورا کرنا مشکل ہو گیا۔ لہٰذا 1973ء میں یہوواہ کے گواہوں نے والکل میں ایک اَور چھاپہ خانہ بنایا۔ تب سے چھاپہ خانے کی عمارتوں میں کئی بار توسیع کی گئی ہے۔ سب سے حالیہ توسیع 2004ء میں ہوئی۔
کمپیوٹر پروگرام: 1979ء میں یہوواہ کے گواہوں نے والکل میں MEPS نامی ایک کمپیوٹر پروگرام پر کام شروع کِیا تاکہ مختلف زبانوں میں مضامین چھپائی کے لیے تیار کیے جا سکیں۔ آج کل اِس کی مدد سے 600 سے زیادہ زبانوں میں مطبوعات تیار کی جاتی ہیں۔
تعلیمی پروگرام: 1988ء میں واچ ٹاور بائبل سکول آف گلئیڈ کو بروکلن سے والکل منتقل کِیا گیا اور 17 اکتوبر کو وہاں کلاسیں شروع ہوئیں۔ یہ سکول اپریل 1995ء تک یہاں رہا لیکن پھر اِسے پیٹرسن منتقل کر دیا گیا جہاں یہوواہ کے گواہوں کا تعلیمی مرکز ہے۔
پچھلے 50 سال میں کھیتی باڑی کے طریقوں میں بہت تبدیلی آئی ہے اور واچ ٹاور فارمز میں بھی اِن نئے طریقوں کو اپنایا گیا ہے۔ لیکن آج بھی اُن لوگوں کے لیے اچھے سے اچھا کھانا فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جو امریکہ میں یہوواہ کے گواہوں کے دفتروں میں کام کرتے ہیں۔
آج کل یہوواہ کے گواہ والکل میں نئے دفتر اور ایک رہائشی عمارت تعمیر کر رہے ہیں اور پُرانی عمارتوں کی مرمت بھی کر رہے ہیں۔ اِس کام کا مقصد یہ ہے کہ آئندہ بھی واچ ٹاور فارمز پاک کلام کی تعلیم کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ یوں امریکہ میں رہنے والے یہوواہ کے گواہوں کو پاک کلام کی تعلیم ملتی رہے گی۔
ڈیوِڈ واکر جن کا اُوپر ذکر کِیا گیا، کہتے ہیں: ”مجھے یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہوتی ہے کہ پچھلے 50 سال میں والکل میں کام بڑھتے بڑھتے کہاں تک جا پہنچا ہے۔ بےشک اِن فارمز نے پوری دُنیا میں لوگوں کو پاک کلام کی تعلیم دینے میں ایک اہم کردار ادا کِیا ہے۔“