فرانس میں بائبل کے بارے میں ایک دلچسپ سٹال
سن 2014ء میں ہزاروں لوگ مشرقی فرانس کے شہر رُواں میں ایک عالمی میلے پر آئے۔ اِس میلے پر ایک دلکش سٹال تھا جس میں اِس موضوع کو نمایاں کِیا گیا: ”بائبل—ماضی، حال اور مستقبل میں۔“
سٹال کے باہر ٹی وی سکرین پر ایک ویڈیو چلائی گئی جس میں بائبل کے قدیم نسخوں کے بارے میں بتایا گیا اور بہت سے لوگ اِس ویڈیو کو دیکھنے کے لیے رُکے۔ سٹال کے اندر لوگوں کو یہ بتایا گیا کہ بائبل کے مشورے کتنے عملی ہیں، یہ سائنسی اور تاریخی لحاظ سے کتنی درست ہے اور اب تک اِس کی کتنی زیادہ کاپیاں شائع اور تقسیم ہو چکی ہیں۔
اِس سٹال پر یہ بھی بتایا گیا کہ بائبل آج تک کیسے محفوظ رہی اور اب اربوں لوگ اِسے کتاب کی شکل میں، کمپیوٹر پر یہاں تک کہ موبائل فون پر بھی پڑھ سکتے ہیں۔ سٹال پر آنے والے لوگوں نے بائبل کا ترجمہ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن بھی لیا جسے یہوواہ کے گواہوں نے 120 سے زیادہ زبانوں میں شائع کِیا ہے۔
بہت سے لوگوں نے یہوواہ کے گواہوں کی تعریف کی کہ اُنہوں نے اِس سٹال کے ذریعے عوام کو بائبل سے واقف کرایا۔ ایک سماجی کارکُن نوجوانوں کے ایک گروپ کے ساتھ سٹال پر آئی اور کہا: ”بائبل ہمارے ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ ایک زندہ کتاب ہے۔ جب بھی مَیں اِس کو پڑھتی ہوں، مجھے اپنی اُلجھنوں کا حل مل جاتا ہے۔“
ایک 60 سالہ عورت یہ جان کر بہت حیران ہوئی کہ وہ بائبل کو مُفت حاصل کر سکتی ہے۔ اُس نے کہا: ”ہم سب کو بائبل پڑھنی چاہیے کیونکہ ہمیں اِس کی ضرورت ہے۔“