مواد فوراً دِکھائیں

ویب سائٹ jw.org کی مشہوری کے لیے ایک عالم گیر مہم

ویب سائٹ jw.org کی مشہوری کے لیے ایک عالم گیر مہم

اگست 2014ء میں یہوواہ کے گواہوں نے ویب سائٹ jw.org کو مشہور کرنے کے لیے پوری دُنیا میں ایک پرچہ بانٹا۔ اِس کے نتیجے میں اُس مہینے ہماری ویب سائٹ کو دیکھنے والوں کی تعداد میں 20 فیصد اِضافہ ہوا اور یہ تعداد تقریباً 6 ارب 50 لاکھ تک پہنچ گئی۔ ویب سائٹ کے ذریعے پوری دُنیا میں تقریباً 10 ہزار لوگوں نے بائبل کورس کی درخواست کی۔ یہ جولائی 2014ء کی نسبت 67 فیصد زیادہ لوگ تھے۔ اِس مہم کے ذریعے دُنیا بھر میں طرح طرح کے لوگوں کی مدد کی گئی۔‏

ایسے لوگ جو زندگی کے اہم سوالوں کے جواب تلاش کر رہے ہیں

کینیڈا میں یہوواہ کی ایک گواہ نے لفٹ میں میڈلین نامی عورت سے بات چیت شروع کی اور اُسے پرچہ ہمیں زندگی کے اہم سوالوں کے جواب کہاں سے مل سکتے ہیں؟‏ دیا۔ میڈلین نے بتایا کہ ”‏کل رات کو مَیں خدا سے دُعا کر رہی تھی کہ وہ میری رہنمائی کرے تاکہ مجھے اپنے کچھ سوالوں کے جواب مل سکیں۔“‏ وہ بائبل کورس کرنے کے لیے کئی چرچوں سے رابطہ کر چکی تھیں لیکن اُنہیں کوئی جواب نہیں ملا۔ اِس بات چیت کے چند دن بعد میڈلین یہوواہ کے گواہوں سے بائبل کورس کرنے لگیں۔‏

ایسے لوگ جو بائبل سے ناواقف ہیں

ملک فلپائن میں رووینا نامی یہوواہ کی گواہ ایک چینی آدمی سے ملیں جو ایک ہوٹل کے سامنے کھڑا تھا۔ اُنہوں نے اُس آدمی کو پرچہ دیا اور بتایا کہ ہم لوگوں کو مُفت بائبل کورس کراتے ہیں۔‏

اُس آدمی نے بتایا کہ ”‏مَیں نے تو بائبل کبھی دیکھی بھی نہیں۔“‏ اِس کے بعد جو بات چیت ہوئی، اُس سے وہ آدمی اِتنا متاثر ہوا کہ وہ یہوواہ کے گواہوں کے ایک اِجتماع پر جانے کے لیے راضی ہو گیا۔ اِجتماع کے بعد اُس نے کہا کہ وہ بائبل کے بارے میں مزید سیکھنا چاہتا ہے اور ہماری ویب سائٹ سے بائبل کو ڈاؤن لوڈ بھی کرے گا۔‏

ایسے لوگ جو بہرے ہیں

گیئرمو یہوواہ کے ایک گواہ ہیں جو سپین میں رہتے ہیں اور بہرے ہیں۔ وہ خورخے نامی ایک بہرے شخص سے ملے جو اُن کے ساتھ سکول میں پڑھتا تھا۔ خورخے نے بتایا کہ ”‏حال ہی میں میری امی فوت ہو گئیں اور تب سے مجھے بہت سے سوالوں نے اُلجھا رکھا ہے۔“‏ گیئرمو نے اُنہیں پرچہ دیا اور بتایا کہ اِن سوالوں کے جواب ہماری ویب سائٹ پر پائے جاتے ہیں اور یہ بھی بتایا کہ اِشاروں کی زبان میں یہ معلومات کیسے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ گیئرمو نے اُنہیں ہمارے اِجلاسوں پر آنے کی دعوت بھی دی۔ خورخے نے اِجلاسوں پر آنا شروع کر دیا اور تب سے وہ ہر اِجلاس میں آ رہے ہیں حالانکہ یہوواہ کے گواہوں کی عبادت گاہ تک پہنچنے کے لیے اُنہیں 60 کلومیٹر (‏37 میل)‏ کا سفر کرنا پڑتا ہے۔‏

ایسے لوگ جو دُور دراز علاقوں میں رہتے ہیں

گرین لینڈ میں دو شادی شُدہ جوڑے جو یہوواہ کے گواہ ہیں، کافی پیسے خرچ کر کے ایک ایسی بستی میں گئے جہاں 280 لوگ رہتے ہیں۔ اِس بستی تک پہنچنے کے لیے اُنہوں نے کشتی میں چھ گھنٹے کا سفر کِیا۔ اُنہوں نے اُس بستی میں خوش خبری سنائی، پرچے بانٹے اور مقامی زبان میں لوگوں کو ہماری ویب سائٹ سے ایک ویڈیو بھی دِکھائی۔ اُنہوں نے ایک میاں بیوی کے ساتھ بائبل کورس شروع کِیا اور اب وہ فون پر ہفتے میں دو بار اُن کو بائبل کورس کراتے ہیں۔‏

ملک نکاراگوا میں کچھ یہوواہ کے گواہوں نے مایانگنا زبان بولنے والے لوگوں میں پرچے بانٹنے کا منصوبہ بنایا۔ یہ لوگ گھنے جنگلوں میں آباد ہیں۔ اِس علاقے تک پہنچنے کے لیے یہوواہ کے گواہوں نے مسلسل 20 گھنٹے پُرانی سی بس میں ٹوٹی پھوٹی سڑک پر سفر کِیا۔ پھر وہ 11 گھنٹے کیچڑ والے راستوں پر پیدل چلتے ہوئے اُس علاقے تک پہنچے۔ وہاں اُنہوں نے لوگوں میں مایانگنا زبان میں پرچے بانٹے اور اُنہیں ویڈیوز بھی دِکھائیں۔ اپنی زبان میں یہ سب کچھ دیکھ کر لوگوں کی خوشی اور حیرت کی اِنتہا نہ رہی۔‏

اسٹیلا نامی یہوواہ کی ایک گواہ نے ایمزون کے جنگل کے ایک چھوٹے سے قصبے میں ایک آدمی کو پرچہ دیا۔ اُس آدمی نے پرچہ لے لیا اور اِسے پڑھے بغیر اپنی جیب میں رکھ لیا۔ وہ کسی اَور قصبے میں رہتا تھا اور جب وہ اپنے گھر واپس جا رہا تھا تو اُس کی کشتی کا انجن خراب ہو گیا۔ وہ کسی مدد کے اِنتظار میں بیٹھ گیا اور اِس دوران اُس نے پرچے کو پڑھا۔ اُس نے اپنے فون پر ہماری ویب سائٹ کھولی اور کئی مضامین پڑھے اور کچھ ویڈیوز بھی ڈاؤن لوڈ کیں۔ کچھ دن بعد اُس شخص کی ملاقات اسٹیلا کے شوہر سے ہوئی۔ اُس نے کہا:‏ ”‏میری طرف سے اپنی بیوی کا شکریہ ادا کریں کہ اُنہوں نے مجھے یہ پرچہ دیا۔“‏ اُس نے یہ بھی کہا:‏ ”‏آپ کی ویب سائٹ پر مضامین پڑھنے سے مجھے پریشانی کے عالم میں بڑا سکون ملا۔ مَیں نے گھر جا کر اپنے بچوں کو آپ کی ویب سائٹ سے بچوں والی ویڈیوز بھی دِکھائیں اور یہ اُنہیں بہت اچھی لگیں۔ مَیں آئندہ بھی اِس ویب سائٹ کو دیکھتا رہوں گا۔“‏