مواد فوراً دِکھائیں

گھنے جنگلات میں ایک عبادت گاہ

گھنے جنگلات میں ایک عبادت گاہ

دریائے‌ایمزون کے گھنے جنگلات کے بیچ میں ایک شان دار عبادت گاہ ہے۔ یہ عبادت گاہ برازیل کے شہر مناؤس کے شمال میں ہے اور اِس میں یہوواہ کے گواہوں کے اِجتماع منعقد ہوتے ہیں۔ عبادت گاہ کی 52 ہیکٹر (‏128 ایکڑ)‏ زمین کا زیادہ تر حصہ جنگل ہے جہاں طرح طرح کے رنگ برنگے طوطے تناور درختوں پر شور مچاتے اور شرارتیں کرتے دِکھائی دیتے ہیں۔ آخر اِس جنگل میں عبادت گاہ کیوں بنائی گئی؟‏

شہر مناؤس دریائے‌ایمزون کے دہانے سے تقریباً 1450 کلومیٹر (‏900 میل)‏ دُور ہے اور اِس کی کُل آبادی 20 لاکھ ہے۔ یہ عبادت گاہ اُن 7000 یہوواہ کے گواہوں کے لیے بنائی گئی ہے جو مناؤس اور اُن بستیوں میں آباد ہیں جو دریائے‌ایمزون اور اِس میں شامل ہونے والے چھوٹے دریاؤں کے کنارے واقع ہیں۔ ایک بستی تو مناؤس سے 800 کلومیٹر (‏500 میل)‏ دُور ہے۔ کچھ یہوواہ کے گواہوں کو اِجتماع پر آنے کے لیے تین دن تک کشتی کا سفر کرنا پڑتا ہے۔‏

ایمزون کے اِس علاقے میں عبادت گاہ تعمیر کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ تعمیر کا جتنا بھی سامان تھا، اُسے 13 بڑے بڑے کنٹینرز میں ڈالا گیا اور ساؤ پاؤلو کی بندرگاہ پر جہاز پر لادا گیا۔ جہاز برازیل کے ساحلی علاقوں سے گزرتا ہوا دریائے‌ایمزون کے دہانے تک پہنچا جہاں سے سامان کو کشتیوں کے ذریعے مناؤس تک پہنچایا گیا۔‏

برازیل میں یہ 27ویں عبادت گاہ ہے جو یہوواہ کے گواہوں نے اِجتماعات منعقد کرنے کے لیے تعمیر کی ہے۔ اِسے اِتوار 4 مئی 2014ء کو مخصوص کِیا گیا۔ اِس تقریب میں 1956 لوگ شریک ہوئے۔ اِن میں سے بہت سے لوگ زندگی میں پہلی بار اِتنی بڑی عبادت گاہ میں آئے۔‏

ماضی میں جب اِس علاقے میں اِجتماعات ہوتے تھے تو زیادہ‌تر لوگ پلیٹ فارم کو نہیں دیکھ سکتے تھے اِس لیے وہ پروگرام کو بس سنتے تھے۔ اِس سلسلے میں یہوواہ کے ایک گواہ کہتے ہیں:‏ ”‏مَیں سالوں سے اِجتماعات پر آ رہا ہوں اور جب بھی پلیٹ فارم پر کوئی ڈرامہ پیش کِیا جاتا تھا تو مَیں اِسے دیکھ نہیں سکتا تھا، صرف سُن سکتا تھا۔“‏ لیکن اِس نئی عبادت گاہ میں سب لوگ پلیٹ فارم کو آسانی سے دیکھ سکتے ہیں۔‏