ٹکسیڈو کی سائٹ پر ایک نظر
امریکہ کی ریاست نیو یارک کے قصبے ٹکسیڈو میں صبح کے پونے سات بجے تھے۔ آسمان صاف تھا اور جھیل پر برف کی ہلکی سی تہہ جمی تھی۔ جھیل کے پاس ہی ایک چار منزلہ عمارت تھی جس میں کچھ مرد اور عورتیں داخل ہو رہے تھے۔ اُنہوں نے کام والے کپڑے اور جُوتے پہنے ہوئے تھے۔ اُن میں سے زیادہ تر آج صبح مقامی ہوٹلوں اور رہائش گاہوں سے یہاں آئے تھے جبکہ کچھ شہر پیٹرسن، والکل، یہاں تک کہ بروکلن سے بھی آئے تھے جو تقریباً 80 کلومیٹر (50 میل) دُور ہے۔
اُن میں سے زیادہ تر لوگ کچھ دن پہلے امریکہ کے مختلف علاقوں سے سفر کر کے یہاں پہنچے تھے۔ وہ ایک ہفتے، چھ ہفتے یا اِس سے بھی زیادہ دیر کے لیے رضاکاروں کے طور کام کرنے آئے تھے۔ وہ اپنے خرچے پر یہاں آئے تھے اور اُنہوں نے اپنے کام کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیا۔ پھر بھی وہ یہاں آ کر بہت خوش تھے۔
اُس دن تقریباً 120 رضاکار کام کر رہے تھے لیکن آنے والے مہینوں میں اِن رضاکاروں کی تعداد اَور بڑھ گئی۔ وہ کھانے کے کمرے میں داخل ہو کر ناشتے کے لیے بیٹھ گئے۔ اُن میں سے کئی کافی پی رہے تھے اور باورچی خانے سے ناشتے کی خوشبو آ رہی تھی۔ ٹھیک سات بجے سکرین پر ایک پروگرام شروع ہوا جس میں بائبل کی ایک آیت پر بات کی گئی۔ 15 منٹ بعد ناشتہ لایا گیا۔ ناشتے میں گوشت کے سلائس، ڈبل روٹی، انڈے اور دلیا تھا۔ سب نے جی بھر کر ناشتہ کِیا۔
ناشتہ دُعا کے ساتھ ختم ہوا اور اِس کے بعد سب اپنے اپنے کام پر چلے گئے۔ جو تعمیراتی سائٹ پر کام کر رہے تھے، وہ حفاظتی ٹوپیاں اور چشمے، پیلے رنگ کی جیکٹیں اور اوزاروں والی بیلٹیں پہن کر نکلے۔ یہ اُن لوگوں کا روز کا معمول تھا۔
دراصل ٹکسیڈو کی یہ عمارتیں پہلے ایک کاغذ بنانے والی کمپنی کی ملکیت تھیں۔ لیکن یہوواہ کے گواہوں نے اِنہیں خرید لیا کیونکہ وہ ٹکسیڈو سے چند میل دُور واروِک میں اپنا نیا مرکزی دفتر تعمیر کر رہے ہیں۔ اِس دوران ٹکسیڈو کی عمارتیں صنعتی مرکز اور گودام کے طور پر اِستعمال ہو رہی ہیں۔ لیکن اِنہیں اِستعمال کرنے سے پہلے یہوواہ کے گواہوں کے رضاکاروں نے اِن میں رہائش کے لیے کمرے، دفتر، ورکشاپس اور گودام بنائے۔ اِس کے لیے حکومت سے اِجازت 12 مارچ 2013ء کو ملی۔
جب رضاکار اپنی رہائش گاہوں میں پہنچے تو اُن کا اِستقبال کیسے کِیا گیا؟ ولیم جو ریاست نیو جرسی سے آئے، کہتے ہیں: ”جب ہم یہاں پہنچے تو اِستقبالیہ پر موجود بھائیوں نے ہمارا خیرمقدم کِیا۔ اُنہوں نے ہمیں چابیاں دیں اور بتایا کہ ہمارا کمرا اور باقی چیزیں کہاں ہیں۔ ہر کوئی ہماری مدد کر رہا تھا۔ ناشتے کے بعد ہم اپنے ٹیم لیڈر سے ملے جس نے ہمیں بتایا کہ ہم کیا کام کریں گے۔“
رضاکاروں کو یہاں کام کرنا کیسا لگا؟ یخائرہ اور اُن کے شوہر ملک پورٹو ریکو سے آئے اور اُنہوں نے دیواریں بنانے میں مدد کی۔ یخائرہ کہتی ہیں: ”ہم صبح ساڑھے چار بجے اُٹھتے تھے، اپنا کمرا صاف کرتے تھے، کافی پیتے تھے اور پھر اُس بس کی طرف بھاگتے تھے جو ہمیں سائٹ پر لے جاتی تھی۔ شام تک ہم بہت تھک جاتے تھے لیکن ہمارا دن ہنسی خوشی گزرتا تھا کیونکہ سب لوگ بہت اچھے تھے۔“
یہوواہ کے گواہوں نے واروِک میں جو جگہ خریدی ہے، وہ جنگل سے گِھری ہوئی ہے۔ زیک اور اُن کی بیوی بیتھ ریاست مینیسوٹا سے آئے اور اُنہوں نے اِس سائٹ کو تیار کرنے میں مدد کی۔ بیتھ کہتی ہیں: ”ہمارا ماننا ہے کہ یہوواہ خدا کی خدمت سے بڑھ کر زندگی میں کوئی اَور کام نہیں۔ ہم اپنے ہنر کو اُس کی خدمت میں اِستعمال کرنا چاہتے ہیں۔“