مواد فوراً دِکھائیں

جان بچانے کے لیے ہر وقت تیار

جان بچانے کے لیے ہر وقت تیار

یہ اِتوار، 5 جنوری 2014ء کی بات ہے۔ سیرژ نامی یہوواہ کے ایک گواہ بس میں ایک اِجتماع پر جا رہے تھے جو فرانس کے شہر پیرس کے قریب منعقد ہونا تھا۔ راستے میں اُنہوں نے ایک بھیانک حادثہ دیکھا۔ وہ بتاتے ہیں:‏ ”‏ایک گاڑی پُل کی حفاظتی دیوار سے ٹکرائی، ہوا میں اُچھلی اور پُل سے ٹکرا کر اُلٹ گئی۔ اور اُلٹتے ہی اِس میں آگ بھڑک اُٹھی۔“‏

سیرژ 40 سال سے آگ بجھانے والے عملے میں کام کرتے آئے ہیں اور اب وہ اِس عملے کی ایک ٹیم کے کپتان ہیں۔ اِس حادثے کو دیکھتے ہی وہ سمجھ گئے کہ اُن کو کیا کرنا ہے۔ وہ کہتے ہیں:‏ ”‏حالانکہ ہم ہائی وے پر اُلٹی سمت جا رہے تھے لیکن مَیں نے ڈرائیور کو بس روکنے کے لیے کہا اور پھر مَیں جلتی ہوئی گاڑی کی طرف بھاگا۔“‏ سیرژ نے سنا کہ کوئی چیخ رہا ہے کہ ”‏بچاؤ!‏ بچاؤ!‏“‏ وہ کہتے ہیں:‏ ”‏مَیں نے سوٹ پہن رکھا تھا اور میرے پاس کسی قسم کا حفاظتی سامان نہیں تھا۔ لیکن اِن چیخوں کو سُن کر مجھے پتہ چلا کہ گاڑی میں لوگ زندہ ہیں۔“‏

اُنہوں نے گاڑی کی دوسری طرف جا کر دیکھا تو وہاں ایک نیم بے‌ہوش شخص پڑا تھا۔ سیرژ اُسے گاڑی سے دُور لے گئے۔ وہ بتاتے ہیں:‏ ”‏اُس شخص نے مجھے بتایا کہ گاڑی میں دو اَور لوگ ہیں۔ اُس وقت تک کچھ اَور گاڑیاں بھی مدد کے لیے رُک گئی تھیں لیکن آگ کی شدت کی وجہ سے کوئی بھی حادثے والی جگہ کے قریب نہیں جا سکا۔“‏

کئی ٹرکوں کے ڈرائیور آگ بجھانے والا آلہ لے کر آئے اور سیرژ کے کہنے پر آگ بجھانے لگے۔ اِس سے کچھ دیر کے لیے شعلے تھم گئے۔ ڈرائیور گاڑی کے نیچے پھنسا ہوا تھا۔ لہٰذا سیرژ اور دوسرے لوگوں نے گاڑی اُٹھائی اور ڈرائیور کو کھینچ کر باہر نکالا۔‏

سیرژ بتاتے ہیں:‏ ”‏ایک دم گاڑی میں دوبارہ شعلے بھڑک اُٹھے۔“‏ لیکن ابھی بھی گاڑی میں ایک شخص سیٹ بیلٹ سے اُلٹا لٹک رہا تھا۔ اُس لمحے ایک اَور شخص وہاں آ پہنچا جو آگ بجھانے والے عملے میں کام کرتا تھا۔ سیرژ کہتے ہیں:‏ ”‏مَیں نے اُس سے کہا کہ گاڑی کسی بھی پَل دھماکے سے اُڑ سکتی ہے۔ لہٰذا ہم نے گاڑی میں پھنسے شخص کو بازو سے کھینچ کر نکال لیا۔“‏ ایک منٹ کے اندر اندر گاڑی دھماکے سے اُڑ گئی۔‏

جب آگ بجھانے والا عملہ اور ایمبولینس وہاں پہنچے تو اُنہوں نے زخمیوں کو اپنی نگرانی میں لے لیا۔ سیرژ کے ہاتھ تھوڑے جل گئے تھے اور اُنہیں کچھ چوٹیں بھی آئی تھیں۔ اِس لیے اُن کے زخموں پر پٹی باندھی گئی۔ جب سیرژ اپنی بس کی طرف واپس جا رہے تھے تو کچھ آدمی دوڑتے ہوئے اُن کے پاس آئے اور اُن کا شکریہ ادا کِیا۔‏

سیرژ کو اِس بات کی خوشی ہے کہ وہ اُن لوگوں کی مدد کر پائے۔ وہ کہتے ہیں:‏ ”‏یہوواہ خدا کے خادم کے طور پر مَیں نے اُن لوگوں کی جان بچانا اپنا فرض سمجھا۔ اِس بات سے مجھے بہت اِطمینان ملتا ہے۔“‏