مواد فوراً دِکھائیں

ہنگری میں یہوواہ کے گواہوں کی اِمدادی کوششوں کو سراہا گیا

ہنگری میں یہوواہ کے گواہوں کی اِمدادی کوششوں کو سراہا گیا

جون 2013ء میں وسطی یورپ میں شدید بارشوں کی وجہ سے کئی دریاؤں میں سیلاب آ گئے۔ ہنگری میں دریائے‌ڈینیوب میں پانی کی سطح تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔‏

ملک میں ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کی وجہ سے ہنگری کی وزارت برائے اِنسانی وسائل نے یہوواہ کے گواہوں کی برانچ سے درخواست کی کہ یہوواہ کے گواہ سیلاب کی روک تھام میں حکومت کی مدد کریں۔ اِس پر برانچ نے دریائے‌ڈینیوب کے کنارے موجود کلیسیاؤں (‏یعنی جماعتوں)‏ کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب سے بچاؤ کی کوششوں میں مقامی حکومت کا ساتھ دیں۔‏

کلیسیاؤں نے اِس ہدایت پر خوشی خوشی عمل کِیا۔ 72 کلیسیاؤں سے 900 سے زیادہ یہوواہ کے گواہوں نے دریا کے کناروں پر بند باندھنے کے کام میں حصہ لیا۔ اُن سے کہا گیا کہ وہ ایک بیج کارڈ لگائیں جس پر اُن کا نام، اُن کے شہر کا نام اور ”‏یہوواہ کے گواہ“‏ لکھا ہو۔‏

ایک شہر میں ریڈ کراس کے نمائندے نے ایک کلیسیا کو یہ پیغام بھیجا:‏ ”‏ہم آپ کے بہت شکرگزار ہیں۔ ہم آپ کی بہت عزت کرتے ہیں کیونکہ آج کل کم ہی لوگ ہیں جن میں اِتنا اِتحاد پایا جاتا ہے اور جو آپ کی طرح دوسروں کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔ آپ لوگ کافی لمبا سفر طے کر کے ہماری مدد کو آئے۔ مَیں بڑے فخر سے لوگوں کو آپ کی مثال دیتا ہوں۔“‏

ایک اِمدادی تنظیم کے چیئرمین نے جو پارلیمنٹ کے رُکن بھی ہیں، برانچ کو ایک خط لکھا جس میں اُنہوں نے یہوواہ کے گواہوں کا شکریہ ادا کِیا۔‏