مواد فوراً دِکھائیں

تصویریں جو مضامین میں جان ڈالتی ہیں

تصویریں جو مضامین میں جان ڈالتی ہیں

یہوواہ کے گواہوں کے رسالوں اور کتابوں میں بہت سی تصویریں اِستعمال ہوتی ہیں۔ لیکن ہمیشہ سے ایسا نہیں تھا۔ سن 1879ء میں زائنز واچ ٹاور کے سب سے پہلے شمارے میں کوئی تصویر نہیں تھی۔ بہت سالوں تک ہمارے رسالوں اور کتابوں میں شاذونادر ہی کوئی تصویر نظر آتی تھی اور یہ تصویریں بلیک اینڈ وائٹ ہوتی تھیں۔‏

لیکن آج کل ہماری زیادہ تر مطبوعات تصویروں سے بھری ہیں۔ جو تصویریں آپ ہماری کتابوں اور رسالوں یا اِس ویب سائٹ پر دیکھتے ہیں، اُن میں سے زیادہ تر ہمارے مُصوّروں اور فوٹوگرافروں نے بنائی ہیں۔ اِن تصویروں کو بنانے سے پہلے بہت تحقیق کی جاتی ہے تاکہ تاریخی واقعات کو صحیح طور پر پیش کِیا جا سکے اور پاک کلام سے اہم سبق سکھائے جا سکیں۔‏

مثال کے طور پر ذرا ساتھ دی گئی تصویر پر غور کریں جو کتاب ‏”‏بیئرنگ تھورو وٹنس“‏ اباؤٹ گاڈز کنگڈم کے باب 19 میں شائع ہوئی۔ یہ منظر اُس واقعے کا ہے جو پاک کلام میں اعمال کی کتاب کے 18ویں باب میں درج ہے۔ اِس میں بتایا گیا ہے کہ پولُس رسول کو کُرنتھس میں حاکم گلیو کے تختِ عدالت کے سامنے لایا گیا۔ تحقیق دانوں نے مُصوّر کو آثارِقدیمہ سے ملنے والی معلومات فراہم کیں اور بتایا کہ اُس وقت عمارتیں کہاں کہاں موجود تھیں اور اُن کا رنگ کیسا تھا۔ تحقیق دانوں نے پہلی صدی عیسوی میں رومی لباس کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کیں۔ اِس لیے گلیو کو شاہی لباس میں دِکھایا گیا ہے۔ اُنہوں نے کُرتا پہنا ہوا ہے، ایک خاص چادر لی ہوئی ہے جس کے کناروں پر جامنی پٹی لگی ہے اور بند جُوتے پہنے ہوئے ہیں۔ تحقیق دانوں نے یہ بھی پتہ لگایا کہ جب گلیو تختِ عدالت پر کھڑے تھے تو اُن کا رُخ شمال مغرب کی طرف تھا۔ اِس طرح مُصوّر کو اندازہ ہوا کہ روشنی کس سمت سے آ رہی تھی۔‏

ہم تصویریں کیسے ڈھونڈتے ہیں؟‏

ہم تصویروں اور اِن کے بارے میں کی جانے والی تحقیق کا ریکارڈ رکھتے ہیں تاکہ اِنہیں دوبارہ اِستعمال کِیا جا سکے۔ کافی سالوں تک ہم نے ہر کتاب اور رسالے کے لیے ایک فائل بنائی اور اِس میں وہ تصویریں رکھیں جو اُس میں چھپی تھیں۔ کچھ تصویروں کو موضوع کے لحاظ سے بھی فائل کِیا گیا۔ لیکن جیسے جیسے اِن فائلوں کی تعداد میں اِضافہ ہوتا گیا، ویسے ویسے تصویریں ڈھونڈنا اور اِنہیں دوبارہ اِستعمال کرنا مشکل ہوتا گیا۔‏

لہٰذا 1991ء میں ہم نے کمپیوٹر پر ایک سسٹم بنایا جس میں تصویروں کے بارے میں معلومات جمع کی جاتی ہے تاکہ تصویروں کو آسانی سے ڈھونڈا جا سکے۔ اِس سسٹم میں 4 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ تصویریں ہیں۔ اِن میں ایسی تصویریں ہیں جو پہلے اِستعمال ہو چکی ہیں اور ہزاروں ایسی تصویریں بھی جو مستقبل میں اِستعمال ہو سکتی ہیں۔‏

ہر تصویر کے بارے میں یہ ریکارڈ رکھا جاتا ہے کہ یہ کب اور کس مضمون میں اِستعمال کی گئی ہے، اِس میں موجود لوگوں کا نام کیا ہے اور یہ کس زمانے کے بارے میں ہے وغیرہ۔ اِس طرح اُس وقت تصویروں کو ڈھونڈنا آسان ہوتا ہے جب کوئی نیا مضمون تیار کِیا جاتا ہے۔‏

کبھی کبھار ہم دوسرے اِداروں کی تصویریں بھی اِستعمال کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر ہمیں اپنے رسالے جاگو‏!‏ کے کسی مضمون کے لیے سیارہ زحل کی تصویر چاہیے تو پہلے تو ہم کوئی مناسب تصویر ڈھونڈتے ہیں۔ پھر ہم اِسے اِستعمال کرنے کی اِجازت لینے کے لیے اِس کے مالک سے رابطہ کرتے ہیں۔ کچھ لوگ پیسے لیے بغیر اِجازت دے دیتے ہیں کیونکہ وہ اِس بات کی قدر کرتے ہیں کہ ہم دُنیا بھر میں پاک کلام کی تعلیم پھیلاتے ہیں جبکہ کچھ لوگ پیسے لے کر اِجازت دیتے ہیں اور کچھ یہ شرط رکھتے ہیں کہ ہم ظاہر کریں کہ یہ تصویر کس کی ملکیت ہے۔ جب سب معاملات طے ہو جاتے ہیں تو ہم تصویر اِستعمال کرتے ہیں اور اپنے سسٹم میں اِس کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔‏

آج کل ہماری کچھ مطبوعات ایسی ہیں جو صرف تصویروں پر مشتمل ہیں۔ مثال کے طور پر کتاب خدا کی سنیں میں رنگ برنگی تصویریں ہیں جن کے ذریعے لوگ پاک کلام کی تعلیمات سے واقف ہو جاتے ہیں۔ اِس کے علاوہ اِس ویب سائٹ پر کچھ زبانوں میں پاک کلام کی تصویری کہانیاں بھی دستیاب ہیں۔ ہماری مطبوعات میں شائع ہونے والی تمام تصویریں پاک کلام کی تعلیم کو فروغ دینے میں بڑا اہم کردار ادا کرتی ہیں۔‏