بہت سی زبانوں میں خدا کی حمد
کسی دوسری زبان میں ایک گیت کا ترجمہ کرنا بہت مشکل کام ہے۔ لیکن ذرا سوچیں کہ اگر 135 گیتوں کا ترجمہ کرنا ہو تو یہ کتنا مشکل ہوگا!
یہوواہ کے گواہوں نے یہ کام کرنے کی ذمےداری اُٹھائی اور تین سال کے اندر اندر اپنی نئی گیتوں کی کتاب یہوواہ خدا کے حضور گیت گائیں کا 116 زبانوں میں ترجمہ کِیا۔ اِس کتاب کا ایک اَور ورژن ہے جس میں 55 گیت ہیں اور اِن کا 55 زبانوں میں ترجمہ ہو چُکا ہے۔ بہت سی زبانیں ایسی ہیں جن میں گیتوں کا ترجمہ ابھی جاری ہے۔
گیتوں کا ترجمہ کرنا مشکل کیوں ہے؟
یہوواہ کے گواہ پہلے ہی پاک کلام پر مبنی مطبوعات کا 600 سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ کر رہے ہیں اور اِن میں سے تقریباً 400 زبانوں میں اُن کی ویب سائٹ دستیاب ہے۔ لیکن گیتوں کی کتاب کا ترجمہ کرنا ذرا مشکل ہے کیونکہ گیتوں کے بول ایسے بنانے پڑتے ہیں جو دُھن کے ساتھ جائیں۔
گیتوں کا ترجمہ رسالے کے مضامین کے ترجمے سے فرق ہے۔ جب مینارِنگہبانی کا ترجمہ کِیا جاتا ہے تو ترجمہ نگار ہر خیال کو ہوبہو بیان کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن شاعری میں ایسا نہیں کِیا جا سکتا۔
گیتوں کا ترجمہ کیسے کِیا جاتا ہے؟
گیتوں کا ترجمہ کرتے وقت ایک فرق طریقہ اپنایا جاتا ہے کیونکہ اِن کے بول ایسے ہونے چاہئیں جو نہ صرف خوب صورت ہوں بلکہ آسانی سے سمجھ میں آئیں اور یاد بھی رکھے جا سکیں۔
خدا کی حمد کے گیتوں میں آسان الفاظ اِستعمال ہونے چاہئیں تاکہ گانے والا فوراً سمجھ جائے کہ اِن کا مطلب کیا ہے اور اِن میں کون سا پیغام دیا گیا ہے۔ بول اور موسیقی کو میل کھانا چاہیے تاکہ لوگ گیت کو آسانی سے گا سکیں۔
ترجمہ نگار یہ کام کیسے انجام دیتے ہیں؟ وہ انگریزی گیتوں کا لفظ بہ لفظ ترجمہ نہیں کرتے۔ دراصل اُنہیں یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر گیت کو نئے سرے سے لکھیں لیکن اُن خیالات اور احساسات کو مدِنظر رکھیں جو انگریزی میں ہیں۔ اُنہیں اُن آیتوں کو بھی ذہن میں رکھنا چاہیے جن پر انگریزی گیت مبنی ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ اُنہیں ایسے الفاظ اِستعمال کرنے چاہئیں جو اُن کی زبان میں عام ہوں اور آسانی سے سمجھے اور یاد رکھے جا سکیں۔
سب سے پہلے انگریزی گیت کا ہوبہو ترجمہ کِیا جاتا ہے۔ اِس کے بعد اِس ترجمے کو ایک ایسے یہوواہ کے گواہ کے پاس بھیجا جاتا ہے جو شاعری کا تجربہ رکھتا ہو۔ وہ اِس ترجمے کی بِنا پر ایک خوب صورت گیت کو تشکیل دیتا ہے۔ پھر یہ گیت ترجمہ کرنے والی ٹیم کے پاس واپس آتا ہے تاکہ وہ دیکھ سکے کہ اِس گیت میں موجود تمام خیالات پاک کلام کے مطابق درست ہیں یا نہیں۔
جب کتاب یہوواہ خدا کے حضور گیت گائیں شائع ہوئی تو پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہ بہت خوش ہوئے۔ اور جن کو یہ کتاب اپنی زبان میں ابھی تک نہیں ملی، وہ بڑی بےتابی سے اِس کے منتظر ہیں۔